انتخابات میں دھاندلی ہوئی، جو بائیڈن خود کو فاتح تصور نہ کریں، ٹرمپ

امریکی صدارتی انتخابات تاریخ کے محفوظ ترین الیکشن قرار

واشنگٹن: امریکی صدر اور ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی انتخابات میں دھاندلی کے الزامات دہراتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے حریف اور ڈیموکریٹ امیدوار جوبائیڈن اپنے آپ کو انتخابات میں فاتح تصور نہ کریں۔

ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ 3 نومبر کو 8 بجے رات کے بعد ہزاروں غیرقانونی ووٹ آئے۔ اس سے پنسلوانیا اور دیگر ریاستوں میں نتائج تبدیل ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ مبصرین کو ووٹوں کی گنتی کے دوران داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔ کھڑکیاں بند کردی گئیں تاکہ مبصرین نہ دیکھ سکیں کہ گنتی کے دوران کیا ہو رہا ہے۔

دوسری جانب جوبائیڈن کی انتخابی مہم کے ترجمان نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابی نتائج ماننے سے انکار کیا تو انہیں وائٹ ہاؤس سے نکال باہر کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ امریکی صدارتی الیکشن میں ڈیموکریٹ امیدوار جوبائیڈن جیت کے قریب تر ہیں۔ جوبائیڈن کی انتخابی مہم کے ترجمان نے ڈونلڈ ٹرمپ کو متنبہ کیا ہے کہ انہیں انتخابی نتائج کو تسلیم کرنا ہوگا۔ اگر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھاندلی کا واویلا مچایا اور وائٹ ہاؤس خالی نہ کیا تو زبردستی انہیں نکال باہر کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: مظاہرین کا ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس خالی کرنے کا مطالبہ

انہوں نے کہا کہ ریاست ہائے متحدہ گورنمنٹ اپنے معاملات میں بےجا دخل اندازی کرنے والوں سے نمٹنا جانتی ہے۔

امریکی انتخاب کے حتمی نتائج میں فیصلہ کن کردار ادا کرنے والی پانچ میں سے دو ریاستوں جارجیا اور پینسلوینیا میں ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن نے برتری حاصل کرلی ہے، جس کے بعد وہ انتخاب جیتنے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔

دنیا بھر کی نظریں امریکی صدارتی انتخابات پر لگی ہوئی ہیں جبکہ فیصلہ کن ووٹوں کی گنتی آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہے۔

پنسلوینیا، نواڈا، جارجیا اور ایریزونا میں صدارتی امیدوار جوبائیڈن آگے ہیں جبکہ الاسکا اور نارتھ کیرولینا میں ڈونلڈ ٹرمپ کو برتری حاصل ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے  سی این این کے مطابق امریکی ریاست پینسلوینیا میں بھی جوبائیڈن مخالف امیدوار اور ریپبلکن امیدوار  ڈونلڈ ٹرمپ سے آگے نکل گئے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں