دوسرا ٹی ٹوئنٹی: حیدر، بابر کی شاندار بلے بازی، پاکستان نے زمبابوے کو شکست دے دی


راولپنڈی: پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں زمبابوے کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز دو صفر سے جیت لی۔

پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کی جانب سے دیا گیا 135 رنز کا ہدف باآسانی کپتان بابراعظم اور نوجوان بلے باز حیدر علی کی شاندار بلے بازی کی بدولت حاصل کر لیا۔

حیدر علی نے 43 گیندوں پر 6چوکوں اور تین فلک شگاف چھکوں کی بدولت 66 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جب کہ کپتان بابراعظم 51 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

اس سے قبل قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ زمبابوے نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے۔

زمبابوے کی جانب سے برل نے 32، مدھویر نے 24 اور چیگومبورا نے 18 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور عثمان قادر تین تین وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے۔

گزشتہ روز پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا جس میں پاکستان نے زمبابوے کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کی جانب سے دیا گیا 157 رنز کا ہدف 18 ویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

پاکستان کی جانب سے کپتان بابراعظم نے اپنی فارم کا تسلسل جاری رکھتے ہوئے 55 گیندوں پر 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 82 رنز بنائے۔

اس سے قبل زمبابوے نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز کا ہدف دیا۔

زمبابوے کی جانب سے مدھویر نے ناقابل شکست 70 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ شان ولیمز 25 اور چیگمبورا 21 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض اور حارث رؤف 2،2 جب کہ محمد حسنین اور عثمان قادر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس جیت کے ساتھ پاکستان کو تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

مزید پڑھیں: زمبابوے نے تیسرے ون ڈے میں پاکستان کو شکست دے دی

اس سے قبل ون ڈے سیریز میں قومی ٹیم نے زمبابوے کو دو ایک سے شکست دی تھی۔


متعلقہ خبریں