الزامات کی سیاست ن لیگ کا وطیرہ ہے، شہباز گل


لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ الزامات کی سیاست ن لیگ کا وطیرہ ہے۔

معاون خصوصی شہباز گل نے حزب اختلاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کرپٹ مافیا کے پاس اپنی نااہلیوں اور نالائقیوں کو چھپانے کا یہی طریقہ ہے کہ وہ الزامات لگاتے پھریں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو کورونا وائرس سے زیادہ خطرہ نواز شریف کے ملک دشمن بیانیے سے ہے اور بڑے میاں کے ریاست مخالف بیانیے کو ان کی پارٹی اور کرپشن پارٹنرز بھی مسترد کر چکے۔

شہباز گل نے کہا کہ حافظ آباد سال 1993 میں ضلع بنا تھا لیکن آج تک وہاں پر کوئی یونیورسٹی نہیں بنی اور آج تک نیا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹراسپتال بھی نہیں بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ حافظ آباد میں 118 کنال کی یونیورسٹی بنا کرعمران خان نے اپنی ترجیحات واضح کر دی ہیں اور ہمارا مقصد اگلا الیکشن نہیں بلکہ اگلی نسل کا بہتر مستقبل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اداروں کیخلاف باتیں کرنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ گزشتہ کرپٹ حکمرانوں نے یونیورسٹیوں کے بجائے محلات بنانے کو ترجیح دی جبکہ وزیر اعظم کا حافظ آباد میں 400 بیڈ کے جدید اسپتال کا افتتاح دراصل ریاست مدینہ کی جانب قدم ہے۔


متعلقہ خبریں