کورونا وائرس، اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز میں اسمارٹ لاک ڈاؤن

فائل فوٹو


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے مختلف سیکٹرز میں کورونا وائرس کی وجہ سے مختلف سب سیکٹرز میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے گزشتہ روز مزید سیکٹرز میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ اسلام آباد کے مزید 5 سب سیکٹرز میں اسمارٹ لاک ڈاوَن آج صبح 10 بجے سے نافذ العمل ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق جن سب سیکٹرز میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے ان میں آئی 8 تھری، فور، جی 9 ون، جی 10 فور اور جی 6 ٹو شامل ہیں۔

شہریوں کو پیشگی انتظامات کرنے کی ہدایت کر دی گئی تھی جبکہ میڈیکل ایمرجنسی، مریضوں کی منتقلی اور کھانے کی ضروری اشیا، ادویات خریدنے والوں کو استثنیٰ حاصل ہے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کی ٹیمیں متعدد سیکٹرز میں لوگوں کو قرنطینہ کرنے کے لیے سیمپلنگ کر رہی ہیں۔

گزشتہ روز پاکستان میں کورونا وائرس کے ایک ہزار 650 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 44 ہزار 839 ہوگئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کیے گئے تازہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ24 گھنٹوں میں کورونا سے9 اموات ہوئی ہیں اور مرنے والوں کی مجموعی تعداد 6ہزار977تک پہنچ گئی ہے۔

پاکستان میں کورونا کے3 لاکھ18 ہزار881 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں اور 18 ہزار981 زیرعلاج ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے تجاوز کر گئی

سندھ میں کورونا مریضوں کی تعداد 1لاکھ 50ہزار169 اور پنجاب میں ایک لاکھ 6 ہزار922 ہے۔ خیبرپختونخوا40 ہزار657، اسلام آباد 21 ہزار 861، بلوچستان 16 ہزار 106، آزاد کشمیر4 ہزار 758 اورگلگت میں4ہزار366 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث پنجاب میں 2 ہزار408 اور سندھ میں 2 ہزار 684 اموات ہو چکی ہیں۔ خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد ایک ہزار 288، اسلام آباد 241، بلوچستان 154، ‏گلگت بلتستان 93 اور آزاد کشمیر میں 109 ہو گئی ہے۔


متعلقہ خبریں