سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے تجاوز کر گئی


کراچی:  صوبہ سندھ میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 627 افراد متاثر ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں وبا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران سندھ میں عالمی وبا سے مزید 5 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں کورونا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 2 ہزار 684 جب کہ وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد  ایک لاکھ 50 ہزار 169 ہو گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ میں 245 کورونا مریضوں کی حالت تشویشناک جب کہ 31 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق کراچی میں کورونا کے مزید 507 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد شہر  میں کورونا کیسز کی تعداد ایک لاکھ 2 ہزار 649 ہو گئی ہے۔

خیال رہے کہ  عالمی وبا کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پیش نظر ملک بھر میں شادی ہالز میں تقاریب پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق  شادی ہالوں پر پابندی 20 نومبر سے نافذ ہو گی۔

اعلامیے کے مطابق شادی ہال کے اندر تقاریب پر پابندی ہو گی۔ تقاریب کا انعقاد صرف کھلی جگہ پر کیا جا سکے گا۔

این سی او سی اعلامیے کے مطابق کھلی جگہ پر شادی کی تقریب میں زیادہ سے زیادہ ایک ہزار افراد شریک ہو سکیں گے۔

کورونا: حکومت سندھ، پابندیاں عائد کرانے کیلیے وفاق کو خط لکھنے کا فیصلہ

اس کے علاوہ این سی او سی نے ماسک نہ پہننے والوں کے لیے جرمانے کی شرح مقرر کر دی ہے۔

اعلامیے کے مطابق بغیر ماسک کے گھر سے باہر نکلنے والے فرد سے 100 روپے جرمانہ وصول کر کے 3 ماسک دیئے جائیں گے۔

این سی او سی اعلامیے کے مطابق تمام سرکاری اور نجی دفاتر میں 50 فیصد عملے کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

این سی او سی نے بتایا کہ کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور ملتان کورونا سے زیادہ متاثرہ شہروں میں شامل ہیں جب کہ حیدر آباد، گلگت، مظفرآباد، میر پور، پشاور ، کوئٹہ، گوجرانوالا، گجرات، فیصل آباد، بہاولپور اور ایبٹ آباد میں بھی اسی حکمت عملی کا اطلاق کیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق ملک کے 13 شہروں میں جنوری 2021 تک مزید کورونا کیسز پھیلنے کا خدشہ ہے۔


متعلقہ خبریں