موسم گرما کی تعطیلات کو بچوں کے لیے کیسے کارآمد بنائیں؟


ملک بھر کے اسکول جانے والے طلبا کے لیے آئندہ ماہ سے موسم گرما کی تعطیلات کا آغاز ہو رہا ہے۔ مگر سوال یہ ہے کہ ان تعطیلات کو کیسے کارآمد بنایا جائے؟

سارا سال سخت پڑھائی اور امتحانات سے گزر کر موسم گرما کی تعطیلات بچوں اور والدین کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ہوتیں۔ ایسے میں گرمی کی چھٹیوں کے دوران طلبا کو تعمیری مصروفیات میں مشغول رکھنا والدین کے لیے کسی چیلنج سے کم نہیں۔

تعطیلات کو کارآمد بنانے کے رنگ میں کبھی گرمی بھنگ ڈالتی ہے، تو کہیں دیگر مصروفیات آڑے آ جاتی ہیں۔ یہ خدشہ بھی پھن پھیلائے کھڑا ہوتا ہے کہ کچھ اچھا نہ کیا گیا تو مبادا بچے منفی سرگرمیوں کی جانب مائل ہوجائیں۔

یہ مشکلیں حل طلب ہوتی ہی ہیں کہ ایسے میں تعلیم و نفسیات کے ماہرین یہ کہہ کر پریشانی بڑھا دیتے ہیں کہ چھٹیوں میں لاپرواہی برتنے سے بچوں کا معمول خراب ہو سکتا ہے۔

یہاں تک پہنچنے کے باوجود سوال زندہ ہے کہ موسم گرما کی تعطیلات کو بچوں کے لیے کیسے کارآمد بنائیں؟ لیجیے جواب حاضر ہے:

  • بچوں کی عمر، تعلیم اورمصروفیات کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹائم ٹیبل ترتیب دیا جائے۔
  • تعلیم کے جس شعبے میں بچہ کمزور ہو اسے بہتر کرنے کے لیے غیر نصابی سرگرمیوں کا سہارا لیا جائے۔
  • کتاب سے بچوں کا رشتہ برقرار رکھنے کے لیے میگزین اور کہانیوں کی کتابیں فراہم کریں۔
  • اسلامی تاریخی موضوعات پر بننے والی ڈاکیومینٹری اور ڈرامے بچوں میں دین کے حوالے سے دلچسپی پیدا کر سکتے ہیں۔
  • رمضان کا مہینہ بھی اس سال چھٹیوں میں آرہا ہے۔ والدین اس دوران بچوں کو نماز، روزے اور تلاوت کی ترغیب دے سکتے ہیں۔
  • تاریخی اور تفریحی مقامات کی سیروسیاحت سے طلبہ کو نئے اندازمیں بہت سی نئی باتیں سیکھنے کا موقع دیا جائے۔
  • کمپیوٹر اور دیگر جدید ٹیکنالوجی سے واقفیت پیدا کرنے کے لیے آن لائن کورسز کا سہارا لیا جاسکتا ہے۔
  • بچوں کے شوق کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں کراٹے، تیراکی وغیرہ کے شارٹ کورسز کرائے جا سکتے ہیں۔

ہم امید کرتے ہیں کہ تعلیم اور نفسیات کے ماہرین کی جانب سے دی گئی یہ تجاویز آپ کی مشکل آسان کرنے میں معاون ہوں گی۔ اگر آپ اس موضوع پر مفید آئیڈیاز رکھتے ہیں، اپنے تجربات یا تجاویز دوسروں تک پہنچانا چاہتے ہیں تو ہمیں لکھ بھیجیں۔


متعلقہ خبریں