موجودہ حکومت کے دن گنے جا چکے، اب ان کا یوم احتساب کرنا ہے، مریم نواز


گلگت: مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت جا رہی ہے اور اب ہم نے ان کا یوم احتساب کرنا ہے۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے گوپس میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اجتماع بتا رہا ہے گلگت بلتستان میں شیر آئے گا اور مسلم لیگ ن حکومت میں آنے کے بعد گوپس اور یاسین کو ضلع کا درجہ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جعلی حکومت گوپس کے فنڈز روک کر بیٹھی ہے اور اس جعلی حکومت کو ہم نے حکومت سمجھا ہی نہیں ہے۔ جعلی حکومت کے نصیب میں عوام کی خدمت کرنا لکھا ہی نہیں ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ گلگت چترال روڈ کو سی پیک میں شامل کیا گیا جبکہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے ہی گلگت بلتستان سے دہشتگردی کا خاتمہ کیا اور اسی گلگت بلتستان میں امن کی وجہ سے گزشتہ 5 سال میں لاکھوں سیاح آئے۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے گلگت بلتستان میں سڑکیں اور اسپتال بنائے۔ اسی طرح دیامر بھاشا ڈیم پر نواز شریف نے جو کام کیا وہ آج تک کسی نے نہیں کیا تاہم اب ہم دیامر بھاشا ڈیم متاثرین کے معاوضے کے لیے سینیٹ اور پارلیمنٹ میں آواز اٹھائیں گے۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ مہنگائی نےغریب عوام کا جینا مشکل کر دیا ہے لیکن اب آپ کے مسائل کا ایک ہی حل ہے جس کا نام نواز شریف اور مسلم لیگ ن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں سڑکیں اور موٹروے نواز شریف نے بنائی اور اب اگر انتقام کا نشانہ بنتا ہے تو وہ بھی نواز شریف ہی ہے۔ پیٹرول، ادویات کی قیمتیں کم کرنے والا بھی نواز شریف ہی ہے لیکن جھوٹے مقدمات کا سامنا بھی نواز شریف کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف کو جیل میں ڈاکٹر تک رسائی دی جائے، مریم اورنگزیب

مریم نواز نے کہا کہ بدترین انتقام کے باوجود نواز شریف جھکے نہیں ہیں اور اگر آج نواز شریف کھڑے ہیں تو صرف آپ کے لیے کھڑے ہیں۔ نواز شریف کے مخالفین اخلاق سے گرے ہوئے لوگ ہیں اور یہ لوگ نواز شریف سے حسد اور انتقام میں بہت آگے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں عمران خان جیسے شخص کا نام بھی نہیں لینا چاہتی جبکہ نواز شریف نے پہلے کہہ دیا تھا کہ آپ چھوٹے آدمی ہو اور یہ بڑوں کی لڑائی ہے تاہم میری مجبوری ہے کہ عوام کے مجرم عمران خان کا نام  لینا پڑتا ہے کیونکہ جب علاج مقصود ہو تو بیماری کا نام لینا پڑتا ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ آج پاکستان کو جو بیماری لاحق ہے اس کا نام عمران خان ہے لیکن اب یہ حکومت جا رہی ہے اور ہم نے ان کا یوم احتساب کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوویڈ 19 پاکستان میں سال 2018 میں ہی آ گیا تھا اور جس حکومت کا جہاز ڈوب رہا ہو اس پر کوئی سوار نہیں ہو گا۔ میں آج پھر کہتی ہوں کہ لوٹوں کوووٹ نہیں دینا آپ لوگ وعدہ کریں کسی لوٹے کو ووٹ نہیں دیں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ انتخابات والے دن کوئی خاتون گھر پر نہ بیٹھے بلکہ باہر نکل کر شیر پر مہر لگائیں جبکہ آپ صرف شیر پر مہر نہیں لگا رہے بلکہ گلگت بلتستان کی خوشحالی پر مہر لگا رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں