وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے متنازع بیان پر اے این پی سے معذرت کر لی


اسلام آباد: وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے خلاف متنازع بیان پر معذرت کر لی ہے۔

وزیر دفاع پرویز خٹک کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماؤں نے باچا خان مرکز پشاور میں اے این پی قائدین سے ملاقات کی۔

اے این پی نے اعجاز شاہ کی جانب سے اپنے بیان پر معذرت اور وضاحت کے بعد جرگہ قبول کر لیا اور ساتھ ہی اسلام آباد احتجاجی مارچ کی کال بھی واپس لے لی۔

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ ان کی بات کو غلط انداز میں لیا گیا اس لئے وضاحت کے لئے جرگہ لیکر پہنچا ہوں جس کو قبول کرنے پر اے این پی رہنماوں کا شکر گزار ہوں۔

جمہوریت کے نام پر ملک دشمن ریلیاں نکالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، اعجاز شاہ

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ملک میں جلسہ جلوس پر کوئی پابندی نہیں لیکن کورونا کے باعث جلسہ کرنے والوں کو خود سوچنا ہوگا۔

اے این پی کے رہنما ایمل خان نے کہا کہ اعجاز شاہ نے معذرت کر لی ہے اب معاملہ ختم ہوگیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے مطالبات واپس لے لیے ہیں اور 11نومبر کو اسلام آباد میں جلسے کافیصلہ واپس لے لیا ہے۔

اس موقع پر وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ اے این پی نے جرگہ قبول کیا جس پر ان کے شکرگزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انسان سے غلطی ہو اور معافی مانگے تو معاملہ ختم ہوجاتا ہے،  جس معاملے سے غلط فہمی پیدا ہوئی تھی وہ اب ختم ہو گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اے این پی نے ہمارا احترام کیا، چاہتے ہیں کہ ہمارے تعلقات اچھے رہیں۔


متعلقہ خبریں