پاکستان نے زمبابوے کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سویپ کر دیا


راولپنڈی: پاکستان نے زمبابوے کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز تین صفر سے جیت لی۔

پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں  پاکستان نے زمبابوے کی جانب سے دیا گیا 130 رنز کا ہدف باآسانی 16 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔

پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق نے 41 جب کہ خوشدل شاہ نے 36 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

واضح رہے کہ پاکستان کی زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچز میں یہ مسلسل 14 ویں جیت ہے۔

اس سے قبل زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا جو زیادہ اچھا ثابت نہ ہو سکا اور مہمان ٹیم  مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز ہی بنا سکی۔

پاکستان کی جانب سے عثمان قادر نے عمدہ گیند بازی کا مظاہرہ کیا اور اپنے مقررہ چار اوورز میں 13 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ زمبابوے کی جانب سے کپتان چیبابا 31 اور ٹری پانو 28 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

خیال رہے کہ پاکستان نے دوسرے ٹی20 میچ میں زمبابوے کو8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ قومی ٹیم نے زمبابوے کی جانب سے دیا گیا 135 رنز کا ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا تھا۔

قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ زمبابوے نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور عثمان قادر تین تین وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے۔

بلے بازی کے شعبے میں کپتان بابراعظم اور نوجوان بلے باز حیدر علی کی شاندار کارکردگی نے جیت میں نمایاں کرادار ادا کیا تھا،

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلا ٹی20 میں قومی ٹیم نے زمبابوے کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ زمبابوے نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز کا ہدف دیا۔

قومی ٹیم نے زمبابوے کی جانب سے دیا گیا 157 رنز کا ہدف 18 ویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا تھا۔


متعلقہ خبریں