آج پورا پاکستان جعلی حکومت کو بددُعائیں دے رہا ہے، مریم نواز


گلگت: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پورا پاکستان آج جعلی حکومت کو بددُعائیں دے رہا ہے۔

گلگت بلتستان کے ضلع استور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ میں گلگت سے واپس جانے کو دل نہیں کر رہا اور اگر گلگت بلتستان میں رہوں تو آپ مجھے گھر دیں گے نا ؟ گلگت بلتستان کے عوام نے بے پناہ عزت دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ استور میں پیدا ہونے والے بچوں کا نام نواز شریف رکھا جاتا ہے، نواز شریف اور مریم نواز بھی محبت نبھانا جانتے ہیں اور میں گلگت بلتستان کی عوام کے ساتھ محبت کا رشتہ نبھاؤں گی۔

مریم نواز نے کہا کہ ن لیگ گلگت بلتستان کی عوام کے ساتھ کیے گئے وعدے نبھائے گی اور ہم وعدے نبھانا جانتے ہیں، عزت اور محبت کی قدر کرنا جانتے ہیں۔ نواز شریف نے دل سے گلگت بلتستان کے عوام کی خدمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی خدمت کے آثار گلگت بلتستان کے چپے چپے میں نظر آتے ہیں۔ گلگت بلتستان کو آئینی صوبہ بننا چاہیے۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ حافظ حفیظ الرحمان نے یونیورسٹی کا کیمپس بنانے کا اعلان کر دیا ہے اور حافظ حفیظ الرحمان عوام کی خدمت کرنے والے انسان ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ن لیگ میں کوئی نواز شریف بیانیہ کا مخالف نہیں، احسن اقبال

خواتین سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی خواتین بہت تعلیم یافتہ ہیں اور ہم چاہتے ہیں گلگت بلتستان کی خواتین کو تعلیم کے ساتھ فری لیپ ٹاپ بھی ملیں۔ گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو روزگار ملنا چاہیے۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نہ صرف گلگت بلتستان میں رہ جانے والے کام مکمل کریں گے بلکہ صوبہ بھی بنا کر دیں گے۔ انہوں نے 3 سال آئینی اصلاحات کا کام کیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان جیسے آئے تھے ویسے ہی جائیں گے۔ کہتے تھے 90 دن میں سب بدل دوں گا اور اب کہتے ہیں میرے پاس الہ دین کا چراغ نہیں ہے۔ گیدڑ وعدے کرتا ہے اور شیر وعدے پورے کرتا ہے۔ جعلی حکومت کے ترجمان کا اصل چہرہ گلگت بلتستان کی عوام نے دیکھ لیا۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ گلگت بلتستان کی عوام اپنی تقدیر کا فیصلہ جاتی حکومت کے ہاتھ میں نہیں دیں گے اور آپ نے اپنا ووٹ چوری نہیں ہونے دینا۔ دھاندلی کی کوشش کی تو عوام تمھیں نہیں چھوڑیں گے۔


متعلقہ خبریں