بابراعظم قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مقرر

آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ، بابر اعظم کی ایک درجہ تنزلی

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے بابر اعظم کو قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا بھی کپتان مقرر کر دیا ہے۔ بابراعظم اب تینوں طرز کی کرکٹ میں قومی ٹیم کے کپتان ہوں گے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق بطور ٹیسٹ کپتان بابر اعظم کی پہلی اسائنمنٹ دورہ نیوزی لینڈ ہو گا۔

بابر اعظم کو اظہر علی کی جگہ قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے، اظہر علی نے دورہ انگلینڈ میں قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی کپتانی کی تھی۔

چیئر مین پی سی بی احسان مانی نے اس تقرری کی منظوری منگل کی شام کو اظہر علی سے ملاقات کے بعد دی ہے۔ ملاقات میں احسان مانی نے بطور کپتان خدمات پر اظہر علی کا شکریہ ادا کیا، اس دوران انہوں نے بابر اعظم سے بھی رابطہ کیا اور انہیں اس تقرری پر مبارکباد پیش کی۔

’کپتانی کی وجہ سے بابراعظم کی بلے بازی متاثر ہو سکتی ہے’

چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ اظہر علی کے پاس کرکٹ کا علم بھی ہے اوروہ ایک اسپیشلسٹ ٹاپ آرڈر بیٹسمین ہیں، اظہر علی میں ابھی بہت کرکٹ باقی ہے اورانہیں یقین ہے کہ ان کے تجربے سے ابھی پاکستان بہت فائدہ اٹھاسکتا ہے۔

احسان مانی نے کہا کہ کم عمری میں ہی بابراعظم میں موجود مستقبل کے کپتان کی نشاندہی کر لی گئی تھی ، ان کی ڈویلپمنٹ کے لیے انہیں گزشتہ برس وائٹ بال کرکٹ کا کپتان مقرر کیا گیا تھا اور تسلسل کے ساتھ ان کی پرفارمنس اور قیادت کی صلاحیتوں کے بنیاد پر انہوں نے ثابت کیا کہ وہ کپتان کے اضافی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لئیے تیار ہیں۔

دوسری جانب نو منتخب کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کپتان بننے پر وہ بہت فخراور خوشی محسوس کر رہے ہیں کیونکہ اب ان کا شمار ان چند کھلاڑیوں میں ہوگیا ہے کہ جنہوں نے کھیل کے سب سے اہم فارمیٹ میں پاکستان کی قیادت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ یہ اضافی ذمہ داری اٹھانے کے لئے تیار ہیں اور اس سے ان کے اعتماد میں اضافہ بھی ہوگا ، انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ وہ اپنا کام اور بہتر انداز سے کرسکیں گے کیونکہ انہیں اس سفر میں تجربہ کارافراد کا ساتھ نصیب ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سیزن مشکل تھا اور جس طرح اس سیزن میں اظہر علی نے ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کی وہ اس پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، یقین ہے کہ وہ ٹیم کے لیے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔


متعلقہ خبریں