ہم نے بھی جذبات میں آکر مسائل حل کرنے کیلئے اختیارات سے تجاوز کیا، شاہد خاقان


اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہم نے بھی جذبات میں آکر عوامی مسائل حل کرنے کیلئے اختیارات سے تجاوز کیا۔

سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے احتساب عدالت سے درخواست کی ہے کہ ہم پر لگنے والے الزامات کو براہ راست عوام کو بھی دکھایا جائے تاکہ عوام بھی حقیقت جان سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے عدالت کو مزار قائد کیس کی سماعت بھی سب کو دکھانے کی درخواست کی اور آئی جی سندھ اغوا کیس کی رپورٹ بھی پبلک ہونی چاہے تاکہ عوام حقائق سے آگاہ ہوں کہ اس ملک میں ہوا کیا ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ براہ راست سماعت کا خرچہ بھی ہم اٹھائیں گے۔ اس کیس سے ہمیں بھی فائدہ ہو گا کہ افسران جذبات میں آکر آئی جی سندھ کو لے گئے تو ہم نے بھی جذبات میں آکر تیزی سے بجلی اور گیس کے منصوبے لگائے اور عوام کی تکلیف دور کرنے کے لیے اختیارات سے تجاوز کیا۔

یہ بھی پڑھیں: نوازشریف کو اشتہاری قرار دینے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں، عدالت

انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل پر عوام کے سامنے بات کی جائے اور مقدمات کو کیمرے پر ریکارڈ کیا جائے۔ مجھ پر کرپشن نہیں اختیارات سے تجاوز کا الزام ہے۔


متعلقہ خبریں