یونس خان قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ مقرر



پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کرکٹر یونس خان کو قومی ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ ارشد خان کو ویمنز ٹیم کا باؤلنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔

یونس خان کی تقرری کم از کم آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2022 تک کی گئی ہے۔

اس سے قبل یونس خان نے دورہ انگلینڈ میں بھی قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کیں تھیں۔ سابق کپتان اب دورہ نیوزی لینڈ میں بھی یہی کردار نبھائیں گے۔

یونس خان نے 118 ٹیسٹ میچز میں 10099 جبکہ 265 ایک روزہ انٹر نیشنل میچز میں 7249 اور 25 ٹی ٹونٹی انٹر نیشنل میچز میں 442 رنز اسکور کئے۔

انہوں نے پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 34 ٹیسٹ سنچریاں بنائیں ۔ ان کا بہترین اسکور 2009 میں کراچی میں سری لنکا کے خلاف 313 رنزتھا۔

‏ یونس خان آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2009 کی فاتح پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بھی تھے۔ ایونٹ کے فائنل میں پاکستان نے سری لنکا کو ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کی مصروفیات نہ ہوئیں تو بھی یونس خان کے تجربے اور قابلیت سے مستفید ہونے کا پلان بنایا ہے۔

انہوں نے کہا انہیں خوشی ہے کہ یونس خان اب کم از کم آئندہ دو برس تک بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے ہمارے ساتھ کام کریں گے۔

یونس خان نے اس ضمن میں کہا ہے کہ ڈومیسٹک سطح پر بھی کام کرنے میں دلچسپی رکھتا ہوں۔ کوشش ہوگی کہ باصلاحیت کھلاڑیوں کی بروقت شناخت کرکے ان کی صلاحیتوں میں نکھار لاسکوں۔

ارشد خان نے اپنی تقرری پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ڈیوڈ ہیمپ کے ہمراہ خواتین کرکٹرز کی کوچنگ کرنے کا ایک بہترین موقع ملا ہے۔

ارشد خان نے 9 ٹیسٹ اور 58 ایک روزہ انٹر نیشنل میچز میں بالترتیب 32 اور 56 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے باقی ماندہ چار میچز کے بعد اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔

ارشد خان کا کہنا ہے کہ ڈیوڈ ہیمپ کے ہمراہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے ساتھ کام کرنا ایک شاندارتجربہ ہوگا، اس دوران قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی رینکنگ میں بہتری لانا ہمارا مقصد ہوگا۔


متعلقہ خبریں