پاک فوج کشمیر کاز اور کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، آرمی چیف


اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج کشمیرکاز اور کشمیریوں کےساتھ کھڑی ہے اور ان کی حمایت جاری رکھے گی.

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)  کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے  کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کےعزم کا اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کےامور، کنٹرول لائن کی صورتحال اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کےغیرقانونی قبضے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ مسئلہ کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے۔

مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ، 2 افراد شہید

چیئرمین جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت راجہ نجابت حسین  سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ مسئلہ کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے اور بھارتی غیر قانونی اقدامات کو تمام کشمیری یکسر مسترد کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ بھارتی قابض افواج کی طرف سے کشمیریوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں تاہم پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول تک معاونت جاری رکھے گا۔

ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گزشتہ ہفتے پاکستان نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں زمینی ملکیت کے قوانین میں غیرقانونی ترمیم کو مسترد کر دیا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے کہا تھا کہ بھارت کی جانب سے کشمیر میں زمینی ملکیت کے قوانین میں تبدیلی قابل مذمت ہے۔ کشمیر میں زمینی ملکیت میں تبدیلی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے خلاف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ زمینی ملکیت کے قوانین میں تبدیلی پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ معاہدوں کی بھی خلاف ورزی ہے۔ مسئلہ کشمیرعالمی قوانین کے تحت عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے۔


متعلقہ خبریں