جی بی الیکشن: 418 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قرار


اسلام آباد: نگراں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان میر افضل کی زیر صدارت الیکشن کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے انتخابات  کے انعقاد کے حوالے سے سیکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔

ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق صوبے میں کل پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 1161 ہے۔ خواتین پولنگ اسٹیشنز کی کل تعداد 368 ہے جبکہ مرد پولنگ سٹیشنز کی تعداد 364 ہے۔

ترجمان گلگت بلتستان حکومت کے مطابق 418 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس اور 311حساس قرار دیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق جی بی پولیس کے 4016 اہلکار، پنجاب پولیس کے 3 ہزار، خیبرپختونخوا پولیس کے 2 ہزاراور سندھ پولیس کے500 اہلکار انتخابات کی سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔

ترجمان گلگت بلتستان حکومت کے مطابق بلوچستان پولیس کے 200 اہلکار، پاک رینجرز کے 1700، جی بی اسکاوَٹس کے 965 اہلکار  اور ایف سی کے 1100 سیکورٹی اہلکار الیکشن ڈیوٹی انجام دیں گے۔

ترجمان گلگت بلتستان حکومت کے مطابق نگراں صوبائی حکومت الیکشن کے انعقاد کیلئے تیار ہے۔

خیال رہے کہ گلگت بلتستان  میں انتخابی مہم کا آج آخری روز ہے۔ رات بارہ بجتے ہی تمام انتخابی سرگرمیاں بند ہوجائیں گی۔

انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے تمام حلقوں میں انتخابی سامان کی ترسیل کا عمل جاری ہے۔ انتخابی ڈیوٹی کے لیے چاروں صوبوں سے پولیس کے دستے بھی گلگت بلتستان پہنچ گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان انتخابات: سیکیورٹی کے لیے پورے ملک سے پولیس طلب

گلگت بلتستان کے انتخابی معرکے کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ انتخابی مہم کا آج آخری روز ہے، رات بارہ بجے کے بعد تمام سرگرمیاں بند کردی جائیں گی۔ تمام سیاسی جماعتیں اور امیدوار آج بھی ووٹرز کوقائل کرنے میں مصروف ہیں۔

جی بی کے 24 میں سے 23 حلقوں پر 15 نومبر کو پولنگ ہوگی، پولنگ اسٹیشنوں پر انتخابی عملہ تعینات کردیا گیا ہے جبکہ انتخابی سامان کی ترسیل کا عمل بھی جاری ہے۔


متعلقہ خبریں