کشمور واقعہ: سندھ حکومت کا پولیس افسر کی بیٹی کیلئے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان



کراچی: حکومت سندھ نے کشمور زیادتی واقعہ کے ملزم کو گرفتار کرنے والے پولیس اہلکار کے لیے قائداعظم پولیس میڈل کی سفارش کرنے اور ان کی بیٹی کے لیے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ کشمور زیادتی کیس میں بہادر پولیس اہلکار اے ایس آئی محمد بخش نے گروہ کو پکڑنے کیلئے پلان بنایا اور کارروائی کی۔

یہ بھی پڑھیں: موٹروے زیادتی کیس کے ملزم کی گرفتاری پر انعام، عدالت ہرہم

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکار کی بیٹی نے گروہ سے بات کی اور کشمور پولیس نے فوری کارروائی کرکے گروہ کو حراست میں لے لیا۔ پولیس اہلکار کی بیٹی کو سیویلین ایوارڈز دینے کی بھی سفارش کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس اہلکار نے خاتون کا درد سمجھتے ہوئے انہیں اپنے گھر منتقل کیا اور بیٹی سے کہا کہ خاتون کی مدد کرو۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ملزم نے اعتراف جرم کیا ہے اور اس کا بیان بھی قلمبند کر لیا گیا ہے۔ ڈی این اے سیمپل اکٹھے کر کے لیبارٹری بھجوائے جائیں گے۔

ترجمان سندھ حکوت کا کہنا تھا کہ وحشیانہ عمل کرنے والوں کو قوم معاف نہیں کرے گی، درندہ صفت لوگوں کو مثال  بنانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عدلیہ سے گزارش ہے کہ ایسے ملزموں کو زیادہ سے زیادہ سزا دی جائے جب کہ پوری قوم کو پولیس اہلکار اور بیٹی کو خراج تحسین پیش کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: نارتھ ناظم آباد میں لڑکی کا قتل، والد کی مدعیت میں مقدمہ درج

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ متاثرہ بچی کے علاج اور تعلیم کے اخراجات سندھ حکومت برداشت کرے گی، زیادتی کے مجرمان کو کوئی چھوٹ نہیں ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ کشمور واقعہ نے بحیثیت قوم سب کو جھنجھوڑ دیا ہے، واقعے میں ملوث تمام ملزمان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں