مریم نواز کا ملک میں نئے انتخابات کا مطالبہ



سوات: پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ملک میں نئے انتخابات کا مطالبہ کر دیا۔

سوات میں جلسے سے خطاب میں کرتے ہوئے انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان اور ان کی جعلی حکومت کو گھر بھیج کر اقتدار عوام کے حقیقی نمائندوں کے سپرد کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اداروں سے نہیں ٹکرانا چاہتے، یہ ہٹ جائیں تو حکومت چوبیس گھنٹے میں ختم ہو جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکمران سیاسی انتقام میں اندھے ہو کر انسانیت بھول گئے، گھٹیا زبان بولنے والے عوام کی نمائندگی کے حقدار نہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ 7 سال سے پی ٹی آئی کی حکومت ہے خیبرپختونخوا میں کوئی تبدیلی آئی؟ کیا سوات میں ایک بھی نیا اسپتال بنا؟

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے نوازشریف کی نقل کرتے ہوئے خیبر پختونخوا میں میٹرو بس چلائی جس میں روز آگ لگ جاتی ہے۔

مریم نواز نے بلاول کیساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے ملاقات کی،شیخ رشید

نائب صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ بی آر ٹی کا کرایہ 250 روپے کردیا گیا ہے، پہلے دعویٰ کیا گیا تھا کہ 10 روپے کرایہ ہوگا۔

کراچی واقعہ سے متعلق انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو پتہ ہی نہیں تھا کہ کراچی میں کیا ہوا،اگر ملک کا اختیار میرے ہاتھ میں ہوتا تو ایسے واقعے کے بعد استعفیٰ ان کے منہ پر مارتی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں دروازہ توڑ کر کمرے میں آ گئے اس وقت احترام یاد نہ آیا، ملک کی بیٹی ہوں، آپ چاہتے ہیں بیٹی کے ساتھ ایسا سلوک ہو؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ چاہتی ہوں کہ خیبر پختونخوا کے شہر بھی لاہور کی طرح ترقی کریں یہاں بھی کالجز اور بہترین تعلیمی نظام ہو۔


متعلقہ خبریں