کورونا: سپریم کورٹ میں غیر ضروری افراد کا داخلہ روک دیا گیا


اسلام آباد: بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کیسز کے سبب سپریم کورٹ میں غیر ضروری افراد کا داخلہ روک دیا گیا ہے۔عدالت عظمیٰ نے کورونا وائرس کے باعث پبلک نوٹس جاری کردیا ہے۔

نوٹس کے مطابق صرف وکلا اور ایسے افراد عدالت آئیں،، جنہیں طلب کیا گیا ہو۔ مقدمے کے فریقین کے علاوہ غیر ضروری افراد کا داخلہ ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

اس سے قبل سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے متعلق سفارشات عدالت میں پیش کی تھیں۔ سفارشات میں کہا گیا تھا کہ صرف ضروری مقدمات سماعت کیلئے مقرر کرنا وقت کی ضرورت ہے۔

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے کہا تھا چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ سمیت اہم شخصیات کورونا وائرس سے جاں بحق ہوچکی ہیں۔

خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کی دوسری لہر کے سبب پاکستان میں مزید 37 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں اور مرنے والوں کی مجموعی تعداد 7 ہزار 92 ہوگئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کیے گئے تازہ اعدادوشمار کے مطابق ملک میں کورونا کے 2 ہزار 304 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور متاثرین کل تعداد3 لاکھ52 ہزار296 تک پہنچ گئی ہے۔

پاکستان میں کورونا کے 3لاکھ21ہزار563مریض صحتیاب ہوچکے ہیں اور23 ہزار641زیرعلاج ہیں۔

سندھ میں کورونا مریضوں کی تعداد 1لاکھ 53ہزار21اور پنجاب میں ایک لاکھ8 ہزار822ہے۔ خیبرپختونخوا41 ہزار472، اسلام آباد23ہزار123، بلوچستان16ہزار274، آزاد کشمیر5 ہزار139اورگلگت میں4ہزار416 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث پنجاب میں 2 ہزار455 اور سندھ میں 2 ہزار 718 اموات ہو چکی ہیں۔ خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد ایک ہزار303، اسلام آباد250، بلوچستان155، ‏گلگت بلتستان93 اور آزاد کشمیر میں118 ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ میں کورونا سے مزید 14اموات، 979 کیسز رپورٹ

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے پاکستان میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا ہے۔

شہری گھروں سے باہر نکلتے وقت ماسک لازمی پہنیں۔ حکومتی اور نجی سیکٹرز کے دفاتر میں کام کرنے والوں کے لیے ماسک پہننا لازم ہوگا۔

صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ  بازاروں، شاپنگ مالز، پبلک ٹرانسپورٹ، ریسٹورنٹس میں ایس او پیز اور ماسک کو لازم قرار دیں۔

این سی او سی کے مطابق ملک کے 15 شہروں میں کورونا وباتیزی سے پھیل رہی ہے۔ پاکستان میں اسی فیصد کورونا کیسز گیارہ بڑے شہروں سے رپورٹ ہوئے۔


متعلقہ خبریں