’ کورونا کیسز میں مزید شدت آئی تو لاک ڈاؤن کی طرف جانا پڑے گا‘



راولپنڈی: وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ کورونا کیسز میں مزید شدت آئی تو لاک ڈاؤن کی طرف جانا پڑے گا جس سے معیشت بے پناہ متاثر ہو گی۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں چینی ویکسین کا ٹرائل جاری ہے، دو ماہ تک اس کے نتائج سامنے آ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرائل میں کامیابی پر چین ہمیں وافر مقدار میں مفت ویکسین دے گا ۔

دوسری جانب ترجمان محکمہ اسکولز پنجاب عمر خیام کے مطابق پنجاب میں دو ماہ کے دوران اسکولوں میں 472 کورونا کیسز سامنے آئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے کے 117  اسکولوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 16 اسکولوں کو سیل کیا گیا ہے۔

ترجمان محکمہ اسکولز پنجاب کے مطابق صوبے میں 15 ستمبر سے اب تک 2 لاکھ 65 ہزار 370 سرکاری اور پرائیوٹ اسکولز میں کورونا ٹیسٹ کئے گئے۔ دو ماہ کے دوران اسکولز میں 472 کورونا کیسز سامنے آئے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید17 اموات

ترجمان محکمہ اسکولز پنجاب کے مطابق پنجاب میں سب سے زیادہ کیسز راولپنڈی شہر سے سامنے آئے۔ راولپنڈی کے اسکولوں میں 8 ہزار سے زائد ٹیسٹ کئے گئے، جبکہ 78 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔

ترجمان عمر خیام کے مطابق جس شہر میں کیسز سامنے آئے ہیں۔ وہاں کے اسکولوں کی مزید اسمارٹ سیمپلنگ کی جا رہی ہے۔ 16 نومبر کو اسلام آباد میں بین الصوبائی ایجوکیشن کانفرنس میں صوبائی وزیر تعلیم  مراد راس بریفنگ دینگے۔


متعلقہ خبریں