پی ڈی ایم کا 30 نومبر کو ملتان میں جلسے کا اعلان


ملتان: اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ نے 30 نومبر کو ملتان میں جلسہ کرنے کا اعلان کر دیا.

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ  نے کہا کہ جلسوں کے بعد اسمبلیوں سے استعفیٰ دینا بھی ایک آپشن ہے۔

انہوں نے  کہا کہ ملکی مسائل کا حل فوری انتخابات میں ہے، جب وقت آیا شہریار آفریدی سے 30 کلو منشیات برآمد کریں گے، عمران خان کو جیل میں ہر قسم کی سہولیات دیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ  شیخ رشید مشرف دور سے ن لیگ کے ٹوٹنے کی پیشگوئی کر رہے ہیں۔

دوسری جانب وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں حکومت ختم کرنے کی طاقت نہیں۔

لاہور میں میڈیا بریفنگ کے دوران ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کا بیانیہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ان تلوں میں تیل نہیں، نواز شریف کو معلوم ہے ان کی سیاست ختم ہو چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ن لیگ کا بیانیہ غیر ملکی ایجنڈا ہے، شیخ رشید احمد

شیخ رشید نے کہا کہ مریم نواز نے نواز شریف کی سیاست کی نفی کی ہے۔ ن لیگ ایک ٹکٹ میں دو مزے لینا چاہتی ہے، نواز شریف گیٹ نمبر 4 کی پیدوار ہیں۔ نواز شریف نے اپنی سیاست کو دفن کردیا ہے۔ پی ڈی ایم کے سارے لوگ نواز شریف کے بیانیے کے ساتھ نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کس قانون کے تحت بات کریں گی؟ مریم نواز نے بات کرنے کیلئے پی ڈی ایم کی چھتری کا سہارا لیا ہے۔

 


متعلقہ خبریں