چینی اسکینڈل: جہانگیر ترین کیخلاف مقدمہ درج



لاہور: چینی اسکینڈل اور منی لانڈرنگ کی تحقیقات میں جہانگیر ترین، علی ترین، حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

صدر مسلم لیگ ن اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔

تمام ملزمان کیخلاف چینی اسکینڈل اور منی لانڈرنگ کے الزام میں الگ الگ مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ ایف آئی آر میں امانت میں خیانت، دھوکہ دہی اور منی لانڈرنگ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے خلاف 109،406اور420 کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی اے نے ان کے بیٹے علی ترین کیخلاف بھی کیس درج کیا ہے۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ شہبازشریف، جہانگیر ترین، علی ترین، حمزہ اور سلمان شہباز کے موقف کیلئے رابطے کی کوشش کی جارہی ہے۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق جہانگیر خان ترین اور علی ترین  پر4.35 بلین روپے کی کرپشن اور منی لانڈرنگ کا الزام لگایا گیا ہے۔

جہانگیرترین اور علی ترین پر الزام ہے کہ انہوں نے منی لانڈرنگ کیلیے جے کے ڈبلیو گروپ کی کمپنیز کے اکاؤنٹس استعمال کیے۔

حمزہ شہباز اور سلمان شہباز پر25بلین روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام لگایا گیا ہے۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ منی لانڈرنگ بے نامی اکاؤنٹ سے کی گئی۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرکے باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جس میں مزید معلومات سامنے آ سکتی ہیں۔

 

 


متعلقہ خبریں