دنیا بھارت کے گرینڈ ڈیزائن کا نوٹس لے، وزیرخارجہ



ملتان: پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے مطالبہ کیا ہے کہ دنیا کو بھارت کے گریٹ ڈیزائن کا نوٹس لینا چاہیے۔ بھارتی اقدامات کے باعث خطے کا امن داؤ پر لگ سکتا ہے۔

انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ بھارت سمیت دنیا پاکستان کی صلاحیتوں کو جانتی ہے۔ بھارت نے دہشت گردوں کی تربیت کیلئے تربیتی کیمپ بنا رکھا ہے اور سی پیک کو سبوتاژ کرنے کیلئے سیل بنایا۔

سی پیک کےخلاف سیل کو 80ارب روپے کی فنڈنگ کی گئی۔ بھارت نےٹارگٹ کلنگ اور گلگت بلتستان میں بدامنی کی منصوبہ بندی بھی کی ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ ہم نے تمام شواہد پاکستانی عوام اور دنیا کے سامنے رکھ دیئے ہیں۔ بھارتی اقدامات 4عالمی کنونشنز کی خلاف ورزی ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ معاملہ پاکستان کی بقا اور خوشحالی کا مسئلہ ہے۔ ہم نے بھارت کے عزائم کو متحد ہوکرناکام بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف ریاستی دہشت گردی کررہا ہے۔ بھارتی منصوبہ بندی قوم کا مسئلہ ہے اور یہ عزائم اپوزیشن کے علم میں ہونے چاہیئں۔ اپوزیشن بھی ہمارا حصہ ہیں اور ہمیں ان کے تحفظ کا بھی خیال ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کا امن جڑا ہوا ہے۔ قیام امن کیلئے پاکستان اور افغانستان کو مشترکہ حکمت عملی اپنانی ہوگی۔ وزیراعظم کو افغان صدر نے دورہ افغانستان کی دعوت دی ہے اور وہ جلد دورہ کریں گے۔


متعلقہ خبریں