سندھ میں کورونا سے مزید 9 افراد جاں بحق، 942 متاثر

کراچی: کاروبار رات 8 بجے تک کھولنے کی اجازت مل گئی

فائل فوٹو


کراچی:  صوبہ سندھ میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 9 افراد جاں بحق جب کہ 942 متاثر ہوئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد ایک لاکھ 55 ہزار 680 ہو گئی ہے جب کہ اموات کی تعداد 2747 تک پہنچ چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں کورونا کے 379 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جب کہ 38مریض وینٹی لیٹرز پر موجود ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق کراچی میں کورونا کے مزید 624 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد شہر میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 6 ہزار 783 ہو گئی ہے۔

خیال رہے کہ  عالمی وبا کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پیش نظر ملک بھر میں شادی ہالز میں تقاریب پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق  شادی ہالوں پر پابندی 20 نومبر سے نافذ ہو گی۔

اعلامیے کے مطابق شادی ہال کے اندر تقاریب پر پابندی ہو گی۔ تقاریب کا انعقاد صرف کھلی جگہ پر کیا جا سکے گا۔

این سی او سی اعلامیے کے مطابق کھلی جگہ پر شادی کی تقریب میں زیادہ سے زیادہ ایک ہزار افراد شریک ہو سکیں گے۔

کورونا: حکومت سندھ، پابندیاں عائد کرانے کیلیے وفاق کو خط لکھنے کا فیصلہ

اس کے علاوہ این سی او سی نے ماسک نہ پہننے والوں کے لیے جرمانے کی شرح مقرر کر دی ہے۔

اعلامیے کے مطابق بغیر ماسک کے گھر سے باہر نکلنے والے فرد سے 100 روپے جرمانہ وصول کر کے 3 ماسک دیئے جائیں گے۔

این سی او سی اعلامیے کے مطابق تمام سرکاری اور نجی دفاتر میں 50 فیصد عملے کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

این سی او سی نے بتایا کہ کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور ملتان کورونا سے زیادہ متاثرہ شہروں میں شامل ہیں جب کہ حیدر آباد، گلگت، مظفرآباد، میر پور، پشاور ، کوئٹہ، گوجرانوالا، گجرات، فیصل آباد، بہاولپور اور ایبٹ آباد میں بھی اسی حکمت عملی کا اطلاق کیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق ملک کے 13 شہروں میں جنوری 2021 تک مزید کورونا کیسز پھیلنے کا خدشہ ہے۔


متعلقہ خبریں