حارث رؤف نے آفریدی سے معافی کیوں مانگی؟

فوٹو بشکریہ پی ایس ایل


دوسرے ایلیمینٹر میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو شکست دے کر پہلی بار ٹورنامنٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کر لی لیکن اس مقابلے کا دلچسپ لمحہ14ویں اوور کی پانچویں گیند پر دیکھنے میں آیا جب آفریدی پہلی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

لاہور قلندرز کے حارث رؤف نے شاہد آفریدی کو پہلی گیند پر بولڈ کیا۔ آفریدی کو آؤٹ کرنے کے بعد حارث رؤف نے جشن منانے کے بعد مسکراتے ہوئے شاہد آفریدی کے سامنے ہاتھ جوڑ لیے جس کا مطلب تھا’مجھے معاف کر دیں‘۔

پی ایس ایل کے ٹوئٹر پر شیئر کی ویڈیو میں حارث رؤف نےبتایا کہ ’شاہد آفریدی سینئر کھلاڑی ہیں اور میں سوچ کر آیا تھا کہ اگر شاہد بھائی کی وکٹ لی تو ایسا کروں گا‘۔

اس سے قبل پی ایس ایل میں شاہین آفریدی نے شاہد آفریدی کو آؤٹ کرنے کے بعد اپنے سینئر کا احترام کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کرنے سے گریز کیا تھا۔ شاہین آفریدی نے مصباح الحق کو بھی آؤٹ کرنے جشن نہیں منایا تھا۔

حارث رؤف نے ملتان سلطانز کے خلاف ایلیمنیٹر میں تین وکٹیں حاصل کرکے اس سال ٹی20 مقابلوں میں 50وکٹیں بھی مکمل کر لی ہیں۔ حارث رؤف نے وکٹوں کی نصف سنچری 31 میچوں میں مکمل کی ہے۔


متعلقہ خبریں