گلگت بلتستان  کے عوام نے  ن لیگ کا  بیانیہ مسترد کر دیا، شبلی فراز


وفاقی وزیر شبلی  فراز نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان  کے عوام نے  ن لیگ کا  بیانیہ یکسر مسترد کر دیا ہے، شہریوں نے وزیراعظم کےنظریے کی صداقت پر مہر ثبت کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی فتح گلگت بلتستان کے عوام کا وزیراعظم کی قیادت پر اعتماد کا اظہار ہے۔

معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ گلگت بلتستان نے مریم اور نواز کا ملک دشمن بیانیہ دفن کر دیا ہے۔ عوام نے وزیراعظم عمران خان پر اپنا اعتماد واضح کر دیا۔

پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ گلگت میں بھی پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے کرپشن کا بازار گرم کیا ہوا تھا۔ سندھ کے وسائل کو گلگت بلتستان کے الیکشن میں استعمال کیا گیا۔

معاون خصوصی ذلفی بخاری نے ہم نیوز پروگرام’صبح آگے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جی بی کے عوام عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:مریم نواز کا گلگت بلتستان انتخابات میں دھاندلی کا الزام

جی بی انتخابات میں 2تہائی اکثریت پی ٹی آئی کی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد امیدواروں کی کامیابی سے پی ٹی آئی خوفزدہ نہیں۔ آزاد امیدوار پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں۔

خیال رہے کہ غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف9، پیپلزپارٹی4، مسلم لیگ ن2، آزاد امیدوار7 اور ایم ڈبلیو ایم نے ایک سیٹ جیتی ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی اور جمیعت علمائے اسلام نے گلگت بلتستان انتخابات کے نتائج مسترد کر دیئے ہیں۔

مریم نواز نے گلگت بلتستان انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو ملنے والی نشستیں سلیکٹرز کی مرہون منت ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان کا میدان تحریک انصاف نے مار لیا، 9سیٹوں پر فاتح

ان کا کہنا تھا کہ اسکو بھیک میں ملنے والی چند سیٹیں دھونس، دھاندلی، مسلم لیگ ن سےتوڑے گئے امیدواروں اور سلیکٹرز کی مرہون منت ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پوری ریاستی طاقت، حکومتی اداروں، سرکاری مشینری کا زور زبردستی اور جبر کے ہتھکنڈوں سے وفاداریاں تبدیل کرانے اور بدترین دھاندلی کے باوجود سادہ اکثریت بھی حاصل نہ کرنا شرمناک شکست ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے الزام لگایا کہ جی بی الیکشن میں میرے ووٹ چوری کیے جا چکے ہیں۔ بہت جلد گلگت بلتستان کی عوام کے ساتھ دھرنے میں شامل ہوں گا۔

ترجمان جمعیت علمائے اسلام نے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات کے نتائج کو مسترد کرتے ہیں۔ ایک بار پھر 2018 کی تاریخ کو دہرایا گیا۔ انتخابات نہیں بندربانٹ ہوئی ہے نا اہل حکمرانوں کو گلگت بلتستان کا رزلٹ ہضم نہیں کرنے دیں گے۔


متعلقہ خبریں