جی بی کے عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالا گیا، بلاول


گلگت: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات میں عوام کے ووٹ اور حق پر ڈاکہ ڈالا گیا۔

گلگت بلتستان اسمبلی کے حلقہ 2 گلگت 2 میں مبینہ دھاندلی کے خلاف دیے گئے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات کو متنازعہ نہیں بننے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں شمولیت کے لیے لوگوں پر دباوَ ڈالا گیا۔ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کو چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہوجانے کے پیغامات دیئے گئے۔ ووٹ کا تحفظ کرنے والوں نے حکومت کا ساتھ دیکر اپوزیشن کو مات دی۔

مزید پڑھیں: گلگت بلتستان کا میدان تحریک انصاف نے مار لیا، 9سیٹوں پر فاتح

بلاول بھٹو نے کہا کہ حلقہ 2 میں پیپلزپارٹی رہنما جمیل احمد کے ووٹ چوری کیے گئے۔ گلگت بلتستان کےعوام کامینڈیٹ چوری کیا گیا ہے۔ آپ کےحقوق پرسودے بازی نہیں کرسکتا۔ آپ کی جدوجہد میں ساتھ کھڑا ہوں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک میں جگہ جگہ احتجاج ہوگا۔ ہمارے ساتھ انصاف نہ کیا گیا تو احتجاج کا رخ اسلام آبا دکی طرف موڑیں گے۔ ہم اپنی انتخابی مہم جاری رکھیں گے، احتجاج جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم گلگت بلتستان کو کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ کے حوالے نہیں کریں گے۔ ہم پر عوام کی طرف سے دباوَ ہے۔ آپ کے ووٹ کا تحفظ الیکشن کمیشن کا کام تھا۔ ان کو پتہ تھا پی ٹی آئی گلگت بلتستان میں صفرہے۔

خیال رہے کہ گلگت کے حلقہ نمبرمیں مبینہ طور پر الیکشن نتائج تبدیل کرنے کے خلاف پیپلز پارٹی کے کارکنوں کا ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ جاری ہے ۔

پیپلز پارٹی کے امیدوار جمیل احمد کا کہنا ہے کہ حلقے میں دھاندلی ہوئی ہے، وہ 619 ووٹوں کی برتری سے جیت چکے ہیں۔

انہوں نے الزام لگایا کہ وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے ملی بھگت سے نتائج چوری کیے ہیں۔ پولنگ اسٹیشنوں سے جیتنے کے بعد آر او آفس میں نتائج تبدیل کیے گئے۔ ڈی سی آفس کے باہر جمع ہزاروں افراد وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کے خلاف  نعرے لگارہے ہیں۔


متعلقہ خبریں