گلگت بلتستان کے عوام  نے پی ڈی ایم کا بیانیہ مسترد کر دیا، عمران خان

پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے، وزیراعظم

فائل فوٹو


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان انتخابات جیتنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام  نے پی ڈی ایم کا بیانیہ مسترد کر دیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں پارٹی رہنماؤں اور ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس  میں ملک کی معاشی اور سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔

گلگت بلتستان کا میدان تحریک انصاف نے مار لیا، 9سیٹوں پر فاتح

اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں حکومت بنا کر وہاں کے مسائل حل کریں گے۔

انہوں نے شریف فیملی کے خلاف کرپشن مقدمات اجاگر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کو ملک سے کوئی غرض نہیں، انہیں صرف اپنے مفادات کی فکر ہے۔

خیال رہے کہ  گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔

ہم نیوز کو موصول ہونے والے غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف 9، پیپلزپارٹی 4، مسلم لیگ ن2، آزاد امیدوار7 اور ایم ڈبلیو ایم نے ایک سیٹ جیتی ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن، پاکستان پیپلزپارٹی اور جمعیت علمائے اسلام نے گلگت بلتستان کے انتخابات میں حکومت پر دھاندلی کا الزام لگایا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ جی بی الیکشن میں میرے ووٹ کو چوری کیے جا چکے ہیں۔ بہت جلد گلگت بلتستان کی عوام کے ساتھ دھرنے میں شامل ہوں گا۔

گلگت انتخابات میں دھاندلی کے خلاف پیپلزپارٹی کارکنوں نے احتجاج بھی کیا ہے۔ کارکنوں کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کی جیتی ہوئی سیٹیں چوری کی گئی ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں ایک بار پھر 2018 کی تاریخ کو دہرایا گیا۔ انتخابات نہیں بندربانٹ ہوئی ہے، ہم نااہل حکمرانوں کو گلگت بلتستان کا رزلٹ ہضم نہیں کرنے دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:مریم نواز کا گلگت بلتستان انتخابات میں دھاندلی کا الزام

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بعد اب پی ٹی آئی کو گلگت بلتستان کا بیرا غرق نہیں کرنے دیں گے۔ مولانا فضل الرحمان نے گلگت بلتستان میں ہونے والی بندربانٹ کو پی ڈی ایم کے اجلاس میں اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے آئندہ ہونے والے اجلاس میں متفقہ حکمت عملی طے کی جائے گی۔ مریم نواز نے گلگت بلتستان انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو ملنے والی نشستیں سلیکٹرز کی مرہون منت ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان  کے عوام نے  ن لیگ کا  بیانیہ مسترد کر دیا، شبلی فراز

ان کا کہنا تھا کہ اسکو بھیک میں ملنے والی چند سیٹیں دھونس، دھاندلی، مسلم لیگ ن سےتوڑے گئے امیدواروں اور سلیکٹرز کی مرہون منت ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پوری ریاستی طاقت، حکومتی اداروں، سرکاری مشینری کا زور زبردستی اور جبر کے ہتھکنڈوں سے وفاداریاں تبدیل کرانے اور بدترین دھاندلی کے باوجود سادہ اکثریت بھی حاصل نہ کرنا شرمناک شکست ہے۔


متعلقہ خبریں