’ حارث اگلی دفعہ مجھے آہستہ گیند کرانا ‘


اسلام آباد: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و ملتان سلطانز کے کھلاڑی شاہد آفریدی نے لاہور قلندرز کے تیز گیند باز حارث رؤف سے اپیل کی ہے کہ وہ آئندہ انہیں آہستہ گیند کرائیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنی پیغام میں انہوں نے لاہور قلندرز کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 5 کے فائنل تک رسائی پر مبارک باد دی ہے۔

اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے حارث رؤف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز انہوں نے بہترین گیند بازی کی، ان کے یارکر کو کھیلنا ناممکن تھا۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ کل کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے مابین دلچسپ فائنل دیکھنے کے منتظر ہیں۔


خیال رہے کہ گزشتہ روز دوسرے ایلیمینٹر میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو شکست دے کر پہلی بار ٹورنامنٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کر لی لیکن اس مقابلے کا دلچسپ لمحہ 14ویں اوور کی پانچویں گیند پر دیکھنے میں آیا جب حارث نے آفریدی کو پہلی ہی گیند پر کلین بولڈ کر دیا۔

آفریدی کو آؤٹ کرنے کے بعد حارث رؤف نے جشن منانے کے بعد مسکراتے ہوئے شاہد آفریدی کے سامنے ہاتھ جوڑ لیے جس کا مطلب تھا’مجھے معاف کر دیں‘۔

بعد ازاں ایک ویڈیو پیغام میں حارث رؤف نے بتایا کہ ’شاہد آفریدی سینئر کھلاڑی ہیں اور میں سوچ کر آیا تھا کہ اگر شاہد بھائی کی وکٹ لی تو ایسا کروں گا‘۔


متعلقہ خبریں