ٹرمپ گزشتہ ہفتے ایران پر حملے کا ارادہ رکھتے تھے،نیو یارک ٹائمز

ٹرمپ گزشتہ ہفتے ایران پر حملے کا ارادہ رکھتے تھے،نیو یارک ٹائمز

فائل فوٹو


امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ گزشتہ ہفتے ایران پر حملے کا ارادہ رکھتے تھے۔ آئی اے ای اے کی رپورٹ کے بعد ٹرمپ ایران پر حملے کے آپشنز پر غور کرتے رہے۔

معروف امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کے مطابق مشیروں نے ٹرمپ کو ایران کے ساتھ براہ راست تصادم نہ کرنے کا مشورہ دیا۔

اخبارکے مطابق امریکی صدر کو مشورہ دیا گیا کہ ایسا کرنا امریکہ کو ایران کے ساتھ براہ راست سرحدی جنگ میں الجھا سکتا ہے۔

امریکی صدر نے گزشتہ جمعرات کو اعلیٰ حکام کی میٹنگ طلب کی تھی جس میں نائب صدر مائیک پنس،وزیر خارجہ مائیک پومپیو، قائم مقام سیکریٹری دفاع کرسٹوفر سی ملر اور جنرل مارک اے ملی نے شرکت کی تھی۔

ٹرمپ نے ان سے پوچھا کہ بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کی رپورٹ پر کیا رد عمل دینا چاہیے اور ان کے پاس کیا آپشن ہیں۔

وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور جنرل مارک اے ملی نے صدر کو بتایا کہ کسی بھی قسم کا عسکری یا سائبر حملہ خطے میں ایک نئے تنازع کو جنم دے سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق میٹنگ کے بعد شرکا کو یقین تھا کہ صدر میزائل حملہ تو نہیں کریں گے البتہ ایران اور اس کے اتحادیوں کیخلاف مزید سخت اقدامات کر سکتے ہیں۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق مشیروں کے مشورے کے بعد ٹرمپ نے ایران پر حملے کا ارادہ ترک کر دیا۔

 


متعلقہ خبریں