فلسطینی ٹرمپ کی بات مانیں یا شکایات بند کریں، سعودی ولی عہد


ریاض : سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے فلسطینیوں پر زور دیا ہے کہ وہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے امن کی تجاویز تسلیم کریں یا پھر اپنی شکایات بند کر دیں۔

ایک اسرائیلی چینل کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے یہ بات گزشتہ ماہ امریکہ میں بسنے والے یہودی رہنماؤں سے بند کمرے کے اجلاس کے دوران کہی۔ انہوں نے فلسطینی قیادت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

سعودی ولی عہد نے کہا کہ کئی عشروں سے فلسطینی قیادت نے امن کے حصول کا ایک کے بعد دوسرا موقع ضائع کیا ہے۔

شہزادہ محمد بن سلمان نے فلسطینی صدر محمود عباس پر زور دیا کہ وہ ٹرمپ کی جانب سے پیش کیا گیا امن کا فریم ورک تسلیم کریں۔

اسرائیلی چینل کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد کی تنقید کی شدت سے وہاں موجود لوگ بھی حیرت زدہ رہ گئے۔

یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے کے امریکی اعلان کے بعد فلسطینی قیادت نے وائٹ ہاؤس کا بائیکاٹ کر رکھا ہے۔

رپورٹ کے مطابق محمد بن سلمان اور ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنرکے درمیان بہت قریبی تعلقات ہیں۔

سعودی حکام نے ابھی تک اس رپورٹ پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

 


متعلقہ خبریں