پاکستان کا کورونا ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کا فیصلہ

فائل فوٹو


اسلام آباد: حکومت پاکستان نے کورونا سے بچاؤ کی ویکسین کیلئے ایڈوانس بکنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

وزارت قومی صحت کی پارلیمانی سیکریٹری ڈاکٹر نوشین حامد نے اس کی تصدیق کی ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کورونا ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کرانے کی منظوری دے دی ہے۔

ڈاکٹر نوشین حامد کے مطابق کورونا ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کیلئے عالمی سطح پر رابطے جاری ہیں اور 2 ویکسین ساز اداروں سے رابطے ہو چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت متوقع ویکسین کی ملک میں بروقت دستیابی کیلئے اقدامات کر رہی ہے اور امید ہے پاکستان کورونا ویکسین کی ایڈوانس بکنگ میں کامیاب ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس، صدی کی خطرناک ترین وبا کا ایک سال مکمل

انہوں نے کہا وزارت صحت نے ایک کروڑ شہریوں کیلئے کورونا ویکسین کی بکنگ کی تجویز دی تھی۔ ویکسین بکنگ کیلئے 100 ملین ڈالر مختص کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔

وزارت صحت نے پہلے فیز میں ہیلتھ ورکرز، ضعیف شہریوں کیلئے ویکسین بکنگ کی تجویز دی تھی۔

اس وقت پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 61 ہزار 82 ہے اور اموات 7ہزار193 تک پہنچ چکی ہے۔ ملک کے15 بڑے شہروں میں کورونا مثبت کیسزکی شرح بہت زیادہ ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا تھا کہ پاکستان جیسے ممالک میں 18 ماہ تک کورونا وائرس کی ویکسین آنے کی توقع نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کوروناویکسین 94.5 فیصد مؤثر ہے، موڈرنا کا دعویٰ

فواد چوہدری نے کہا کہ دنیا کے 4 بڑے ممالک نے کورونا ویکسین کے حوالے سے اجارہ داری بنالی ہے۔

سندھ کے شہر حیدرآباد میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 16.59 فیصد کے ساتھ ملک بھرمیں سب سے زیادہ ہے جبکہ گلگت بلتستان میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 15.38 اور ملتان میں 15.97 فیصد ہے۔

مظفرآباد میں کورونا مثبت کیسزکی شرح 14.12فیصد، میرپور11.11 فیصد، پشاور9.69، کوئٹہ8.03 اور اسلام آباد میں مثبت کیسزکی شرح7.48 فیصد ہے۔

کراچی میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 7.12 ، لاہور5.37 فیصد اور راولپنڈی میں4.63 فیصد ہے۔


متعلقہ خبریں