حکومت کورونا، دہشتگردی کا خوف پھیلا کر جلسوں سے نہیں روک سکتی، نفیسہ شاہ


کراچی: پیپلز پارٹی رہنما نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ حکومت کورونا اور دہشتگردی کا خوف پھیلا کر جلسوں سے نہیں روک سکتی۔

پیپلز پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات نفیسہ شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سیاسی اجتماع ضرور ہوں گے اور ہم اپنے جلسے ضرور کریں گے جس میں ایس او پیز کا خیال رکھیں گے۔

نفیسہ شاہ نے کہا کہ حکومت کورونا اور دہشت گردی کا خوف پھیلا کر ہمیں جلسوں سے نہیں روک سکتی جبکہ حکومت نے گلگت بلتستان میں دھاندلی کی ہے اور ہم نے گلگت بلتستان کے انتخابات کے نتائج کو مسترد کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 6 ماہ قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا گلگت بلتستان میں ایک بھی امیدوار نہیں تھا اور 6 ماہ میں ایسا کیا ہو گیا کہ امیدوار بھی آ گئے اور 10 سیٹیں بھی جیت گئے، انتخابات میں ہر زاویے سے دھاندلی کی گئی۔

رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پی ٹی ائی کی الیکشن مہم گالیوں پر یا لالچ پر مبنی تھی جس کا سپریم کورٹ کو نوٹس لینا چاہیے۔ ہم بھی عدالت میں پٹیشن دائر کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان کیلئے کچھ نہ کرنے والوں کو ووٹ کیسے ملتے ؟ شبلی فراز

انہوں نے کہا کہ گلگت انتخابات میں جو کچھ ہوا اس کی بلاول بھٹو زرداری نے تفصیلات بتا دیں۔ پیپلز پارٹی کو تو کریڈٹ جاتا ہے کہ جہاں مرد انتخابات سے گھبراتے ہیں وہیں ایک خاتون کو انتخابات میں کھڑا کیا لیکن انتظامیہ کی جانب سے انہیں کوئی سیکیورٹی فراہم نہیں کی گئی جس کی وجہ سے وہ اپنی انتخابی مہم نہ چلا سکیں۔

نفیسہ شاہ کا مزید کہنا تھا کہ کینٹر پر دھاندلی کا ڈھنڈورا پیٹنے والوں نے اس وقت کیا ثبوت دیے تھے جو آج ثبوت مانگ رہے ہیں۔ سعدیہ دانش جہاں امیدوار ہیں وہاں خواتین کو حق استعمال کرنے نہیں دیا گیا، الیکشن میں کافی شکایات ہیں.


متعلقہ خبریں