کورونا: آزاد کشمیر میں 2 ہفتے کیلئے لاک ڈاؤن


مظفرآباد: بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے سبب آزاد جموں و کشمیر میں 15 دن کے لیے مکمل لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔

لاک ڈاؤن سے قبل پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے مظفرآباد میں فلیگ مارچ کیا۔ اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر مظفرآباد کا کہنا تھا کہ لاک ڈاوَن پر سختی سے عمل در آمد کروایا جائے گا۔

چند روز قبل کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث آزاد کشمیر بھر میں لاک ڈاؤن کے نفاذ کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

متعلقہ حکام نے کابینہ بریفنگ میں بتایا کہ آزاد کشمیر میں کورونا کی صورت حال خطرناک حدوں کو چھونے لگی ہے۔ دارالحکومت مظفرآباد میں کورونا کی شرح 19 فیصد تک پہنچ گئی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس میں تیزی، پاکستان میں مزید 42 افراد جاں بحق

آزاد کشمیر کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ جمعے سے آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں بیک وقت لاک ڈاؤن ہو گا، جس کے دوران شادی بیاہ و دیگر تقریبات پر مکمل پابندی ہو گی۔

دوسری جانب پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 59 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 2 ہزار 665 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

پاکستان میں کورونا حملوں  میں ایک بار پھر تیزی آ گئی ہے اور گزشتہ 130 روز کے دوران متاثر ہونے والے افراد کی تعداد آج سب سے زیادہ ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 74 ہزار 173 ہوگئی جبکہ 7 ہزار 662 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 26 ہزار 177، خیبر پختونخوا میں 43 ہزار 730، سندھ میں ایک لاکھ 61 ہزار 28، پنجاب میں ایک لاکھ 13 ہزار 457، بلوچستان میں 16 ہزار 699، آزاد کشمیر میں 5 ہزار 911 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 506 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا: پنجاب کے متعدد اضلاع کے تعلیمی سربراہان نے چھٹیوں کی حمایت کر دی

کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب  میں ہوئی ہیں جہاں 2 ہزار 826 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ  میں 2 ہزار 799، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 323، اسلام آباد میں 270، گلگت بلتستان میں 93، بلوچستان میں 158 اور آزاد کشمیر میں 134 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں