پی ایس ایل فائنل: کمنٹری پینل کے اراکین نے قومی لباس زیب تن کر لیا


کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائنل کے لیے کمنٹری پینل کے اراکین نے قومی لباس زیب تن کر لیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے ترجمان کے مطابق انگلش کمنٹیٹر ڈومینک کارک نے شلوار قمیض کے ساتھ جناح کیپ پہنی جب کہ جنوبی افریقی کمنٹیٹرجونٹی رہوڈز نے سیاہ اور سفید رنگ کے شلوارقمیض کے ساتھ سندھی ٹوپی پہنی۔

اس کے علاوہ  سابق قومی ٹیسٹ کرکٹر رمیض راجہ نے شلوار قمیض کےساتھ سفید کلہا سر پر سجایا جب کہ کمنٹیٹر فخرعالم نے پٹھانی ٹوپی پکول پہنی۔

پی ایس ایل 5، ملتان سلطانز کو ایک اور دھچکا

خواتین پریزینٹرز اور کمنٹیٹرز نے روایتی پاکستانی لباس زیب کیا ہے۔

پی سی بی ترجمان کے مطابق پی ایس ایل فائنل پر روایتی لباس پہن کر چاروں صوبوں کی ثقافت اجاگر کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ 2020 کا فائنل آج کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں پہلی مرتبہ ایونٹ کے فائنل میں پہنچی ہیں اور فتح کے لیے پرعزم ہیں۔

میچ رات آٹھ بجے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ پلے آف مرحلے میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو ہرا کر براہ راست فائنل میں جگہ بنائی۔

لاہور قلندرز نے ایلی مینیٹڑز ون میں پشاور زلمی اور ٹو میں ملتان سلطانز کو شکست دے کر فائنل میں قدم رکھا۔

پی ایس ایل میں دونوں ٹیمیں اب تک دس بار مدمقابل آئی ہیں۔ چھ بار جیت کراچی تو چار بار لاہور کے حصے میں آئی۔

رواں سیزن میں دونوں ٹیموں کے درمیان دو میچ ہوئے۔ ایک میچ کنگز اور ایک قلندرز نے اپنے نام کیا۔

کراچی کنگز کے پاس بابراعظم اور محمد عامر جیسے بہترین کھلاڑی ہیں۔ لاہورقلندرز میں ان فارم محمد حفیظ اور شاہین آفریدی بھی دھوم مچانے کو تیار ہیں۔ 

لاہور کی جانب سے ڈیویڈ ویزے بھی اہم کھلاڑی ہیں اور کراچی کنگز کو مشکل میں ڈال سکتے ہیں۔ ڈیوڈ ویزے نے گزشتہ میچ میں48 رنز بنائے اور تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

لاہور قلندرز نے آخری میچ میں ملتان سلطانزکو25 رنز سے شکست دی تھی۔ قلندرز کی جانب سے ڈیوڈ ویزے اور حارث رؤف نے شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کیا، دونوں نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔


متعلقہ خبریں