سونے کی قیمت میں معمولی کمی


کراچی: صرافہ بازار میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز سونے کی قیمت میں معمولی کمی ہوئی ہے۔

سندھ صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 200 روپے کمی کے بعد ایک لاکھ 12 ہزار350 روپے ہو گئی ہے۔

اس کے علاوہ 10 گرام سونے کی قیمت  171 روپے کمی کے بعد 96 ہزار322 روپے ہو گئی ہے۔

دوسری جانب پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان دیکھا گیا اور کاروبار کا اختتام 147.92 پوائنٹس کے اضافے کے بعد 40,652.67 کی سطح پر ہوا۔

قبل ازیں اسلام آباد میں وزیراطلاعات و نشریات شبلی فراز کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ  ہماری معیشت اوپر جارہی ہے، چاروں طرف سے ہمیں معیشت کی اچھی خبریں آرہی ہیں۔

مشیر خزانہ نے کہا کہ ملک میں روزانہ کی بنیاد پر 40 ہزار ٹن گندم ریلیز ہورہی ہے۔ ملک میں 20 سے 22 لاکھ ٹن گندم کم پیدا ہوئی۔ ملک میں اس وقت گندم کی کوئی کمی نہیں ہے۔

مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے کہا کہ جب حکومت ملی تو ایک بحرانی کیفیت تھی۔ مجبوراً ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا۔ ہماری حکومت نے برآمدات میں اضافہ کیا اور کمزور طبقے کیلئے تاریخی پیکج دیے۔

مزید پڑھیں: ملکی معیشت مستحکم ہو گئی ہے، وزیراعظم

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے معیشت کو دھچکا لگا۔ معاشی بحران کی کیفیت کے باعث ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا۔ کورونا کے دوران ایک کروڑ 50 لاکھ لوگوں کو رقم دی گئی۔

مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے کہا کہ اس وقت 792 ملین ڈالر کا سرپلس ہے۔ ہماری آمدنی ہمارے اخراجات سے زیادہ ہے، اس لیے قرضہ لینے کی ضرورت نہیں پڑی۔ حکومت کو ماضی کی حکومت کے قرض کی مد میں 5 ہزار ارب روپے دینے پڑے۔

مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ 4 ماہ سے پاکستان کے قرضوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔ ہماری معیشت اوپر جارہی ہے۔ سیمنٹ، گاڑیاں اور موٹرسائیکل کی فروخت میں اضافہ ہورہا ہ۔ روپے کی قدر میں اضافہ ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیڈرل بیورو آف ریونیو نے ایک ہزار 340 ارب روپے جمع کیے۔ آٹو موبائلز اور ٹیکسٹائل کے شعبے میں تیزی سے بہتری آرہی ہے۔ اندرونی معیشت میں زبردست اخراجات میں کمی ہے۔ اسٹیٹ بینک سے اب کوئی پیسہ نہیں لے رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں