حکومت مخالف تحریک کی رفتار کو تیز کیا جائے گا، مولانا فضل الرحمان


اسلام آباد: پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت مخالف تحریک کی رفتارکو تیز کیا جائے گا،کورونا کی آڑ میں جلسوں پر پابندی کو مسترد کرتے ہیں۔ پی ڈی ایم جلسے شیڈول کے مطابق ہوں گے۔

پی ڈی ایم اجلاس کے بعد اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بلاول بھٹو نے اجلاس میں ویڈیولنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں بنیادی اصول اور مقاصد وضع کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان انتخابات 2018 الیکشن کا ری پلے تھا۔ انتخابات میں دھاندلی سے پی ڈی ایم بیانیےکو تقویت ملی۔  تمام جماعتو ں نے اس پر اتفاق کیا ہے اور گلگت بلتستان انتخابات کے نتائج کو مسترد کردیا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی، جمہوری، پارلیمانی اور اسلامی آئین کی عملداری کو یقینی بنایاجائے گا۔ انتقامی احتساب کو مسترد کرتے ہیں۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں کیوں تاخیری حربے استعمال کیے جارہے ہیں۔ شبر زیدی کے اعترافات حکومت کے خلاف ایف آئی آر ہے۔  یہ لوگ دھاندلی کےعادی ہیں،ہم ان کا راستہ روکیں گے

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں پی ڈی ایم نے پانچ رکنی کمیٹی قائم کردی ہے،کمیٹی چارٹر آ ف پاکستان کے حوالے سے کام کرے گی۔

ہم نیوز کے مطابق پی ڈی ایم  کی بنائی  گئی پانچ رکنی کمیٹی میں احسن اقبال، خرم دستگیر، شیری رحمان ، رضا ربانی اور  کامران مرتضیٰ شامل ہیں۔ پی ڈی ایم نے گیارہ جماعتوں میں سے تین جماعتوں سے اراکین کو کمیٹی کے لیے منتخب کیا ہے جبکہ آٹھ چھوٹی جماعتوں میں سے کسی کو بھی اس کمیٹی میں شامل نہیں کیا گیا۔ تین بڑی جماعتوں پر مشتمل کمیٹی کے ارکان میثاق پاکستان مسودے پر سفارشات تیار کرے گی۔

مزید پڑھیں: پی ڈی ایم کے احتجاج روکنے کیلئے رکاوٹ ڈالی جا رہی ہے، رانا ثنا اللہ

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، جس میں دونوں رہنماوں نے گلگت بلتستان کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی مذمت کی ہے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مریم نواز سے گفتگو میں کہا کہ دھاندلی کے باوجود اپوزیشن جماعتوں کا حکومتی اتحاد سے زیادہ ووٹ لینا پاکستان تحریک انصاف کی عدم مقبولیت کا ثبوت ہے۔

مریم نواز نے بلاول بھٹو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام اپوزیشن کے بیانئے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ دوران گفتگو دونوں رہنماوں نے جلد ملاقات کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔


متعلقہ خبریں