سندھ میں پولنگ اسٹیشنز کی حالت انتہائی خراب ہے، سیکرٹری الیکشن کمیشن


کراچی: سیکرٹری الیکشن کمیشن پاکستان بابر یعقوب نے سندھ میں پولنگ اسٹیشنز کی حالت زار پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

بابر یعقوب نے پریس کانفرنس میں کہا کہ انتخابات سے پہلے بلدیاتی ادارے معطل کرنے کی کوئی تجویز زیرغور نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی فنڈز کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوگئی ہیں۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ سندھ میں 191 ریٹرننگ افسران کا تقرر ہوگا جن کی تربیت 15 مئی کے بعد ہوگی۔

بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ ریٹرننگ افسران کی تقرری سات مئی تک مکمل ہوجائے گی۔

14 مئی تک پولنگ اسٹیشنز کی فہرستیں ریٹرننگ افسران کو فراہم کردی جائیں گی۔

انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ سندھ کے پولنگ اسٹیشنز بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ پولنگ اسٹیشنز کی رپورٹ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز نے دی ہے۔

الیکشن کمیشن نے آٹھ مئی کو چیف سیکرٹری سندھ کو اسلام آباد طلب کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کے لیے یکساں ماحول فراہم کرنا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔


متعلقہ خبریں