چین میں منفرد اور جدید خودکار بینک متعارف


بیجنگ: چین میں قائم چائنہ کنسٹرکشن بینک کی جانب سے ایک ایسی خودکار شاخ کھولی گئی ہے جہاں انسانوں کی ضرورت  مشینیں پوری کریں گی۔

آج کے دور میں انسان سب سے زیادہ پیسے کے لین دین میں خود کوغیرمحفوظ سمجھتا ہے لیکن چین کے اس خودکار اور جدید بینک نے یہ مسئلہ بھی حل کردیا ہے۔

بینک حکام کے مطابق چائنہ کنسٹرکشن بینک کی بنائی گئی اس جدید ٹیکنالوجی کا استعمال پالیسی کا ایک اہم حصہ ہے۔

اس جدید بینک میں ورچوئل ریالٹی پر مشتمل ایسے کمرے بھی بنائے گئے ہیں جن سے سونے اور رئیل اسٹیٹ کی خرید وفروخت میں دلچسپی رکھنے والے صارفین مستفید ہوسکیں گے۔

اس منفرد بینک میں بڑی بڑی اسکرینیں نصب کی گئی ہیں جن کے ذریعے صارفین اپنے بل ادا کر سکتے ہیں اور چین کی واحد جماعت کمیونسٹ پارٹی کی رکنیت کی فیس بھی جمع کراسکتے ہیں۔

صارفین نے بینکنگ کی دنیا میں اس جدید اور منفرد اضافے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

بینک میں موجود ایک صارف کا کہنا تھا کہ آج کی دنیا میں لوگوں کے پاس زیادہ وقت نہیں جس کے باعث وہ انسانوں سے کم سے کم ملنا پسند کرتے ہیں۔ لوگ نہیں چاہتے کہ انسانوں سے زیادہ واسطہ پڑے۔ ایسےدور میں خود کار بینک کا قیام خوش آئند ہے۔

ایک اور صارف کے خیال میں یہ اچھا نظام ہے لیکن بڑی عمر کے افراد کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال مشکل ہو گا کیوں کہ انہوں نے پہلے کبھی ایسے آلات استعمال نہیں کیے ہوں گے۔

ایک طرف صارفین کی اکثریت اس جدید بینک کے حق میں ہے تو دوسری جانب کچھ افراد اس کی مخالفت کرتے بھی نظر آئے۔ مخالف افراد کا کہنا تھا کہ یہ ایک تماشے کے سوا اور کچھ نہیں۔ ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری سے کوئی فوائد حاصل نہیں ہوں گے۔

ٹیکنالوجی ماہرین کو توقع ہے کہ خودکار بینکاری کا یہ تجربہ مالیات کی دنیا میں ایک نیا انقلاب لا سکتا ہے۔


متعلقہ خبریں