پی ڈی ایم کا ایجنڈا مقدمات ختم کروانا ہے، شبلی فراز


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ مقدمات ختم کراؤ۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ وہ آزاد مانی جائے گی جو صرف اپوزیشن کو ریلیف دے، الیکشن صرف وہ آزاد مانے جائیں گے جن کے نتائج ان کے حق میں ہوں گے۔

شبلی فراز نے مزید تحریر کیا کہ اپوزیشن کا ماننا ہے کہ بات صرف وہ درست ہوگی جو اپوزیشن کرے گی، یہ جمہوریت نہیں آمرانہ رویہ ہے۔

انہوں نے لکھا کہ فیصلے عوام نے کرنے ہیں اور ان فیصلوں کو سیاسی جماعتوں نے تسلیم کرنا ہے، یہ ہی آئین میں لکھا ہے، عمران خان نے اداروں کو آزاد اور خودمختار کر دیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے تحریر کیا کہ اب اداروں پر کسی خاندان کی کوئی اجارہ داری نہیں۔

قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا تھا کہ گلگت بلتستان کے لیے کچھ نہ کرنے والوں کو ووٹ کیسے ملتے؟

یہ بھی پڑھیں: پی ڈی ایم میں سب کے اپنے اپنے مفادات ہیں، علی محمد خان

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے جذبانی بیانات منطق و حقائق سے عاری ہیں۔ حزب اختلاف کو انتخابات کے بعد اپنی شکست تسلیم نہ کرنے کی بری روایت کو ترک کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اپنی شکست تسلیم نہ کرنے کا ایسا رویہ جمہوری اقدار کے منافی ہے، جمہوریت کا لیکچر دینے والے جمہوری طرز عمل اپنائیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کے نعرے لگانے والے گلگت بلتستان کی عوام کے ووٹ کو عزت دینے کو تیار نہیں ہیں۔ گلگت بلتستان میں تمام سروے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی برتری اور وزیر اعظم عمران خان کو مقبول رہنما دکھا چکے تھے۔


متعلقہ خبریں