نیب نے احسن اقبال کیخلاف کرپشن ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کر دیا


لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کے خلاف کرپشن ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کر دیا۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق نیب کی جانب سے دائر کردہ ریفرنس کے متن میں کہا گیا ہے کہ احسن اقبال نے نارووال اسپورٹس سٹی منصوبے میں اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔

ریفرنس کے مطابق احسن اقبال نے وفاقی حکومت کے فنڈز صوبائی منصوبے میں خرچ کروائے جبکہ ریفرنس میں سابق ڈی جی اسپورٹس بورڈ اختر نواز گنجیرا بھی ملزم نامزد ہیں۔

واضح رہے کہ احسن اقبال کو نیب نے گرفتار کیا تھا جنہیں بعد میں عدالت سے ضمانت پر رہائی ملی تھی۔ جیل سے رہا ہوتے ہی احسن اقبال کو نیب نے دوبارہ طلب کر کے پاسپورٹ جمع کروانے کا کہا تھا تا کہ وہ بیرون ملک فرار نہ ہو سکیں۔

نیب کے مطابق احسن اقبال نے بطور وزیر منصوبہ بندی اختیارات کا نا جائز استعمال کیا۔ احسن اقبال  نے نارووال اسپورٹس منصوبےکی لاگت کوغیرقانونی طور پر بڑھایا اور ساڑھے 3 کروڑ روپے کے منصوبے کی لاگت 10 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔ لاگت بڑھانے کی اجازت سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی سے نہیں لی گئی۔

نیب کے مطابق لیگی رہنما نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے اسپورٹس سٹی کمپلیکس تعمیر کرایا جس میں 6 ارب روپے کی خورد برد کا الزام ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئین پر عمل نہ ہوا تو حکومت کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کریں گے، عدالت

نیب ذرائع کے مطابق اسپورٹس سٹی کمپلیکس بھارتی سرحد سے صرف 800 میٹر دور 44 ایکڑ پر تعمیر کیا گیا، جس کے لیے پی ایس ڈی پی میں خصوصی رقم رکھی گئی، منصوبے کے لیے تمام فنڈز پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ذریعے خرچ کرائے گئے۔

احسن اقبال نے پراجیکٹ ڈائریکٹر کی عدم تقرری سے واقف ہونے کے باوجود احکامات دیے۔ اسپورٹس بورڈ کی نئی انتظامیہ نے 16 اپریل کو وزارت بین الصوبائی رابطہ کی توجہ دلائی تھی، جس کے بعد چیئرمین نیب نے ڈی جی نیب کو اختر نواز گنجیرا کے بیرونی دوروں کی تحقیقات کا حکم دیا۔


متعلقہ خبریں