جب تک جعلی حکومت ہے ملک نہیں چل سکتا، مریم نواز


مانسہرہ: پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ جب تک جعلی حکومت ہے یہ ملک نہیں چل سکتا۔

مانسہرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جب تک جعلی حکومت ہے مہنگائی کم نہیں ہوسکتی، جب تک جعلی حکومت ہےغریب کو دوائی نہیں مل سکتی، جب تک جعلی حکومت ہےآٹے اور چینی کی چوری نہیں رکے گی۔

انہوں نے کہا کہ آج پتہ چل گیا ہزارہ نواز شریف کا تھا، ہے اور رہے گا۔ ہزارہ کے ساتھ مسلم لیگ ن کا رشتہ بہت پرانا ہے۔ نوازشریف نے ہمیشہ ہزارہ کے ساتھ رشتہ نبھایا۔نوازشریف نے ہزارہ والوں سے کیے گئے وعدے پورے کیے۔ نوازشریف نے ہزارہ موٹروے کا وعدہ پورا کیا۔

مریم نواز نے کہا کہ کارکنان بتائیں نوازشریف کا پاکستان اچھا تھا یا اس ووٹ چور کا؟ ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا لیکن کسی کو ایک نوکری بھی نہیں ملی۔ نواز شریف کوعوام سے وعدے پورے کرنے کی سزا مل رہی ہے۔

مزید پڑھیں: بلاول، مریم نواز کا ٹیلی فونک رابطہ: جی بی کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی مذمت

انہوں کہا کہ گلگت بلتستان میں لوگ نوازشریف کی حمایت میں باہر نکلے۔ گلگت بلتستان الیکشن کے جعلی نتائج کو ماننے کے لیے کوئی تیار نہیں ہے۔ گلگت بلتستان میں دھاندلی کے باوجود اس کو نہیں جتوایا جاسکا۔

مریم نواز نے کہا کہ جی بی میں ان کو جو سیٹیں ملیں وہ بھی ن لیگ کے توڑے گئے لوگ ہیں۔ یہ نوازشریف کا بیانیہ ہی تھا کہ آپ کو گلگت بلتستان میں واضح مینڈیٹ نہیں ملا۔ یہ روایت ہے جس پارٹی کی وفاق میں حکومت ہوتی ہے وہی جی بی میں حکومت بناتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے پی پی کو جی بی میں 14، مسلم لیگ ن کو 16 سیٹیں ملی تھیں۔ اب آپ کو گلگت بلتستان میں صرف 8 سیٹیں ملیں۔ اب یہ دھاندلی کر کے بھی نہیں، جیت سکتے۔ آپ نے باقی پاکستان کو کیا دیا کہ گلگت بلتستان والوں کو دیتے۔ لوگوں نے نوازشریف کا بیانیہ سمجھ بھی لیا اور اپنا بھی لیا۔ نوازشریف ضرور واپس آئیں گے اور چوتھی بار وزیراعظم بنیں گے۔


متعلقہ خبریں