انگلینڈ نے اکتوبر 2021 میں دورہ پاکستان کی تصدیق کر دی


لاہور: انگلش کرکٹ بورڈ نے اگلے سال اکتوبر میں دورہ پاکستان کی تصدیق کر دی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق انگلینڈ کرکٹ ٹیم پاکستان میں 2 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی۔ یہ میچز 14 اور 15 اکتوبر کوکراچی میں کھیلے جائیں گے۔

انگلینڈ کرکٹ ٹیم 12 اکتوبر کو کراچی پہنچے گی۔ دورے کے اختتام پر دونوں ٹیمیں آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کےلیے16 اکتوبر کو اکٹھے بھارت روانہ ہوجائیں گی۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ ہفتے انگلینڈ کو جنوری 2021 میں مختصر دورانیے کے لیے دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی۔

جنوری میں اپنے اسٹار کھلاڑیوں کی مصروفیات کے باعث انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے اس دعوت نامہ کے جواب میں آئندہ سال آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ سے قبل اکتوبر میں دورہ کی تجویز پیش کی،جسے پی سی بی نے قبول کر لیا۔

انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے اس سے قبل آخری مرتبہ سال 2005 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔مہمان ٹیم نے یہاں 3 ٹیسٹ اور 5 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے تھے۔اس کے بعد پاکستان نے سال 2012 اور 2015 میں متحدہ عرب امارات کے میدانوں پر انگلینڈ کی میزبانی کی تھی۔

اس ضمن میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ انگلینڈ نے آئندہ سال اکتوبر میں دورہ پاکستان کی تصدیق کردی ہے۔

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کا ممکنہ دورہ پاکستان ملتوی

وسیم خان  نے کہا کہ یہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کا 16 سال بعد پہلا دورہ پاکستان ہوگا،جو سیزن 23-2022 میں دونوں ممالک کے مابین وائیٹ اور ریڈ بال کرکٹ سیریز کے انعقاد میں بھی معاون ثابت ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اکتوبر 2021 میں ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے پاکستان آمد پر انگلینڈ کے کھلاڑی یہاں ہماری جانب سے اٹھائے گئے عالمی معیار کے اقدامات کا جائزہ لے سکیں گے جوانہیں سال 23-2022 میں ایک مرتبہ پھر دورہ پاکستان کے لیے آنے اور ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ میں اپنی دلچسپی ظاہر کرنےمیں معاونت کرے گا۔

چیف ایگزیکٹو انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ ٹام ہیریسن نے کہا کہ وہ انگلینڈکرکٹ ٹیم کا آئندہ سال اکتوبر میں دورہ پاکستان کا اعلان کرتےہوئے خوشی محسوس کررہے ہیں۔

ٹام ہیریسن  نے کہا کہ 2005 کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہوگا کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی کے ساتھ ہمارے تعلقات مضبوط اور اچھے اور انہی کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم وہاں کے فینز کے لیے ان کے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی محفوظ واپسی میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔


متعلقہ خبریں