انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے متعلق برطانوی ہائی کمشنر کا ویڈیو پیغام


اسلام آباد: برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسٹن ٹرنر نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے 2021 میں دورہ پاکستان پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ جب سے پاکستان آئے ہیں انہوں نے پاکستان میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے استقبال کو اپنا ہدف بنایا ہوا تھا، اب 16 سال کا انتظار ختم ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج منظر عام پر آنے والی اس خبر کے پیچھے بہت سخت محنت شامل ہے اور وہ اس موقع پر ان تمام افراد کے شکرگزار ہیں جو اس عمل میں شامل تھے۔

انگلینڈ نے اکتوبر 2021 میں دورہ پاکستان کی تصدیق کر دی

برٹش ہائی کمشنر نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ پاکستان میں اسٹیڈیم کو دوبارہ سے آباد ہوتا دیکھنا چاہتی ہے اور یہ ٹور اس لحاظ سے اہم ثابت ہو گا۔

واضح رہے کہ انگلش کرکٹ بورڈ نے اگلے سال اکتوبر میں دورہ پاکستان کی تصدیق کر دی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق انگلینڈ کرکٹ ٹیم پاکستان میں 2 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی۔ یہ میچز 14 اور 15 اکتوبر کوکراچی میں کھیلے جائیں گے۔

انگلینڈ کرکٹ ٹیم 12 اکتوبر کو کراچی پہنچے گی۔ دورے کے اختتام پر دونوں ٹیمیں آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کےلیے16 اکتوبر کو اکٹھے بھارت روانہ ہوجائیں گی۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ ہفتے انگلینڈ کو جنوری 2021 میں مختصر دورانیے کے لیے دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی۔

جنوری میں اپنے اسٹار کھلاڑیوں کی مصروفیات کے باعث انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے اس دعوت نامہ کے جواب میں آئندہ سال آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ سے قبل اکتوبر میں دورہ کی تجویز پیش کی،جسے پی سی بی نے قبول کر لیا۔

انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے اس سے قبل آخری مرتبہ سال 2005 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔مہمان ٹیم نے یہاں 3 ٹیسٹ اور 5 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے تھے۔اس کے بعد پاکستان نے سال 2012 اور 2015 میں متحدہ عرب امارات کے میدانوں پر انگلینڈ کی میزبانی کی تھی۔


متعلقہ خبریں