عمران خان کی حکومت میں کرپشن نہیں ہے،  شبر زیدی



اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے سابق چیئرمین شبر زیدی نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت میں کرپشن نہیں ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’’پاکستان ٹونائٹ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے بہت اچھے اقدامات اٹھائے ہیں، ان کے اثرات مستقبل میں سامنے آئیں گے۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بیان پر انہوں نے کہا کہ ان کا بیان گزشتہ حکومتوں کے حوالے سے تھا، اور مولانا فضل الرحمان ان حکومتوں کا حصہ تھے۔

حکومت میں واپسی کے سوال پر شبر زیدی کا کہنا تھا حکومت میں دوبارہ شامل نہیں ہو رہا جہاں حکومت کو ضرورت ہوگی مشورے دیتا رہوں گا۔

دوسری جانب اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن ذہنی توازن کھو چکی ہے،  بنارسی ٹھگ دوسرا الیکشن بھی ہار گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم میں دراڑیں پڑ چکی ہیں۔ مولانا فضل الرحمان سیاست کے نام پر کاروبار کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے شبر زیدی سے متعلق جھوٹا بیان دیا ہے، شبر زیدی نے ان کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں صرف ایماندار لیڈرعمران خان ہیں، مولانا میں اتنی شائستگی کہاں کہ اب معذرت کریں۔

شبلی فراز نے کہا کہ کورونا سیاسی مسئلہ نہیں، سنجیدہ معاملہ ہے، کورونا کے باعث  ہم نے جلسے ملتوی کر دیئے، اپوزیشن عام لوگوں کی زندگی خطرے میں نہ ڈالے۔ آج بھی ایک جلسہ کیا گیا جو نہیں ہونا چاہیے تھا۔

پی ڈی ایم کا ایجنڈا مقدمات ختم کروانا ہے، شبلی فراز

وزیر اطلاعات نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو گلگت بلتستان الیکشن میں ایک سیٹ بھی نہیں ملی۔

انہوں نے کہا کہ نتائج کو نہ ماننے والے آپ ہوتے کون ہیں؟ آپ لوگ قانون کومطلوب ہیں، چوری میں ملوث ہیں، آپ لوگ اقتدار میں کاروبار کے لیے آتے ہیں،خاندانی مفادات کے تحفظ کے لیے ڈرامہ بازی قابل قبول نہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ ہمارا سامنا ان لوگوں سے ہے جنہوں نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے، جمہوریت کا مطلب یہ نہیں کہ فیصلے آپ کے مرضی کے مطابق ہو، ماضی میں ان لوگوں نے خود کو قانون سے بالاتر سمجھا۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے بھائی کو بھی کورونا ہوا ہے، کورونا سے بچنے کے لیے ہمیں احتیاطی تدابیر پرعمل کرنا ہو گا۔


متعلقہ خبریں