گلگت بلتستان انتخابات میں کامیاب 4 آزاد امیدوار پی ٹی آئی میں شامل


گلگت: گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات میں کامیاب ہونے والے چار آزاد امیدوار نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

ہم نیوز کے مطابق جی بی اے 9 سے جیتنے والے آزاد امیدوار وزیر محمد سلیم اور جی بی اے 10 سے ناصر علی خان پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئے ہیں

اسی طرح دو آزاد اراکین مشتاق حسین اور حاجی عبدالحمید بھی پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے ہیں۔ آزاد اراکین نے وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور، سیف اللہ نیازی اور ارشد داد سے ملاقات کی اور پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان اسمبلی کے 23 حلقوں میں ہونے والے انتخابات میں نو سیٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔ 24 رکنی گلگت بلتستان اسمبلی میں زیادہ سیٹیں حاصل کرنے والی کسی بھی جماعت کو حکومت بنانے کے لیے 13 سیٹیں درکار ہوتی ہیں۔

گلگت بلتستان اسمبلی میں خواتین کی سات مخصوص نشستیں اور دو ٹیکنو کریٹس کی سیٹیں الگ سے ہیں۔

مزید پڑھیں: گلگت بلتستان کا میدان تحریک انصاف نے مار لیا، 9سیٹوں پر فاتح

دوسری جانب دیامر جی بی اے 17 ڈوڈشال میں خواتین کے پولنگ اسٹیشن نمبر 31 میں دوبارہ پولنگ کرانے کے خلاف جمعیت علمائے اسلام ف کے کارکن سڑکوں پر نکل آئے اور ٹائر جلا کر مرکزی شاہراہ قراقرم کو بلاک کر دیا۔

مشتعل مظاہرین نے چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان کیخلاف نعرے بازی کی اور کہا کہ 15 نومبر کو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک عملہ پولنگ اسٹیشن میں موجود رہا تاہم خواتین اپنی مرضی سے ووٹ کاسٹ کرنے نہیں پہنچی۔ دوبارہ پولنگ کرنے پر حالات خراب ہوسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حالات خراب ہونے کی تمام تر ذمہ داریاں چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان پر ہوگی۔  ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پولنگ دوبارہ کرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ڈوڈشال میں خواتین کی پولنگ دوبارہ کرانے ہر گز نہیں دیا جائے گا۔ 

مظاہریں کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان اپنے احکامات واپس لے۔ GBLA-17 دیامر 3 کے دیگر تمام پولنگ سٹیشنز پر خواتین کا ووٹ کاسٹ ہوگئے ہیں۔ ڈوڈشال کے عوام نے اس پولنگ میں متفقہ طور پر خواتین کا ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت نہیں دی۔ اس سے قبل الیکشنز میں بھی مذکورہ پولنگ سٹیشن خواتین کا ووٹ کاسٹ نہیں ہوا۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر پولنگ کے احکامات فوری طور پر واپس لے ورنہ مزید سخت احتجاج کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں