علامہ خادم حسین رضوی انتقال کر گئے


لاہور:تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی قضائے الہیٰ سے انتقال کر گئے ہیں۔

تحریک لبیک پاکستان کے ذرائع کے مطابق علامہ خادم حسین رضوی بخار میں مبتلا تھے۔ اطلاعات کے مطابق طبعیت خراب ہونے پر علامہ خادم حسین رضوی کو شیخ زید اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔

علامہ خادم حسین رضوی کی میت اسپتال سے گھر منتقل کردی گئی ہے۔ مرحوم کے گھر کے باہر بڑی تعداد میں ٹی ایل پی کے کارکنان اوران کے عقیدت مند جمع ہونا شروع ہو گئے ہیں۔

علامہ خادم حسین رضوی صوبہ پنجاب کے ضلع اٹک سے تعلق رکھتے تھے۔ وہ حافظ قران تھے اور انہیں عربی اور اردو کے علاوہ فارسی زبان پر بھی عبور تھا۔

یہ بھی پڑھیں:علامہ خادم حسین رضوی کی وفات پر وزیراعظم کا اظہار افسوس

علامہ خادم حسین رضوی 22 جون 1966 کو ضلع اٹک میں پیدا ہوئے تھے۔

ان کے والد کا نام حاجی لعل خان تھا۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم جہلم سے حاصل کی تھی جس کے بعد انہوں نے درس نظامی مکمل کیا تھا۔

علامہ خادم حسین رضوی کی وفات پر وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف اور وفاقی وزرا سمیت دیگر حکومتی رہنماؤں نے اظہارِ افسوس کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علامہ خادم رضوی کی وفات پر آرمی چیف نے ظہار افسوس کیا ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے دعا کی ہے کہ اللہ مرحوم کے درجات بلند کرے۔


متعلقہ خبریں