بلوچستان حکومت کو منصوبوں کی جلد تکمیل کے لئے کہا جائے گا، احسن اقبال


اسلام آباد: وزیر داخلہ و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت بلوچستان میں یومیہ 50 لاکھ گیلن پانی فراہم کرنے کے منصوبے کے لیے مالی امداد فراہم کرے گی۔

سی پیک منصوبوں کی مشترکہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ صوبائی حکومت سے گوادرمیں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بات کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان حکومت کو منصوبوں کی جلد تکمیل کے لئے کہا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ جلد کوئٹہ کا دورہ کریں گے اورگوادرمیں بجلی گھر کی تعمیر کے لیے زمین کی فراہمی کا جائزہ بھی لیں گے۔

احسن اقبال نے کہا کہ زراعت پرچین کے ساتھ گروپ کی تشکیل مکمل کرلی گئی ہے جس کا پہلا اجلاس اگست یا ستمبر میں ہو گا۔

انہوں نے بتایا کہ بیجنگ سے ریلوے منصوبوں پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔

ہزارہ برادری کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اب کسی کو نسلی یا لسانی بنیادوں پردہشت گردی کا نشانہ نہیں بننے دیں گے۔

دینی مدارس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وفاق المدارس کے ساتھ مل کرمعاملات بہترکرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ نیکٹا کو مدارس کی رجسٹریشن مکمل کرنے کے لیے طریقہ کارطے کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کے لیے پالیسی کا اعلان جلد کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں