تعلیمی اداروں سے متعلق فیصلہ جلد کرینگے، وزیر صحت خیبر پختونخوا 

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیرصحت خیبر پختونخوا تیمور جھگڑا نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں سے متعلق فیصلہ 23 نومبر سے 2 دن پہلے اور بعد میں بھی ہوسکتا ہے۔

ہم نیوز کے مارننگ شو ’صبح سے آگے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں کورونا کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے تاہم ہماری کوشش ہے کہ کورونا کو پھیلنے سے روکا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: بچوں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، وزیر تعلیم

میزبان اویس منگل والا اور شفا یوسفزئی سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں دوسری طرف اپوزیشن جلسے کر رہی ہے۔

تیمور جھگڑا نے کہا کہ اپوزیشن جلسے وہاں کررہی ہے جہاں پر کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں، اپوزیشن جماعتیں پہلے لاک ڈاوَن کی باتیں کررہی تھیں اب غیر ذمہ داری کا مظاہر ہ کیا جا رہا ہے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کو کنٹرول میں رکھنے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ اسپتالوں پر بوجھ نہ پڑے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید36 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 2 ہزار738 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3لاکھ68ہزار665 ہوگئی جبکہ7 ہزار 561 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران868 مریض صحت یاب ہوئے اور اب تک مجموعی طور پر3لاکھ27 ہزار542 شفا یاب ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد25 ہزار 719، خیبرپختونخوا43 ہزار359، سندھ ایک لاکھ 59 ہزار752، پنجاب ایک لاکھ12ہزار893، بلوچستان16ہزار642، آزاد کشمیر5 ہزار806 اور گلگت بلتستان میں4ہزار494 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: تعلیمی ادارے بند کرنا پڑے تو کریں گے، وزیر تعلیم پنجاب

کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات سندھ میں ہوئی ہیں جہاں2ہزار780 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ پنجاب2ہزار811، خیبرپختونخوا1ہزار319، اسلام آباد266، گلگت بلتستان93، بلوچستان158 اور آزادکشمیر میں134 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں