خیبر پختونخوا: پرائیویٹ تعلیمی اداروں کیجانب سے 24 نومبر سے اسکولوں کی بندش کی تجویز مسترد


پشاور: خیبر پختونخوا کے  پرائیویٹ تعلیمی اداروں نے چوبیس نومبر سے اسکولوں کی بندش کی حکومتی تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔

پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک کا کہنا ہے کہ نجی ادارے اسکولوں کی مزید بندش کے متحمل نہیں ہو سکتے۔

یہ بھی پڑھیں: تعلیمی اداروں سے متعلق فیصلہ جلد کرینگے، وزیر صحت خیبر پختونخوا 

پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک کے صوبائی صدر سلیم خان نے ہم نیوز سے گفتگو کے دوران کہا کہ تعلیمی اداروں کی ممکنہ بندش بارے تحفظات سے آگاہ کرنے کے لیے صوبائی وزیرِ تعلیم سے فوری ملاقات کی جائے گی۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا حکومت نے آئندہ کا لائحہ عمل تیار کرنے کے لیے سیاسی ومذہبی جماعتوں کے ساتھ رابطوں کے لیے صوبائی کابینہ اجلاس میں کمیٹی قائم کر دی ہے۔

وزیرصحت خیبر پختونخوا تیمور جھگڑا نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں سے متعلق فیصلہ 23 نومبر سے 2 دن پہلے اور بعد میں بھی ہوسکتا ہے۔

ہم نیوز کے مارننگ شو ’صبح سے آگے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں کورونا کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے تاہم ہماری کوشش ہے کہ کورونا کو پھیلنے سے روکا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: بچوں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، وزیر تعلیم

میزبان اویس منگل والا اور شفا یوسفزئی سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں دوسری طرف اپوزیشن جلسے کر رہی ہے۔

تیمور جھگڑا نے کہا کہ اپوزیشن جلسے وہاں کررہی ہے جہاں پر کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں، اپوزیشن جماعتیں پہلے لاک ڈاوَن کی باتیں کررہی تھیں اب غیر ذمہ داری کا مظاہر ہ کیا جا رہا ہے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کو کنٹرول میں رکھنے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ اسپتالوں پر بوجھ نہ پڑے۔


متعلقہ خبریں