بین الاقوامی پروازیں: پی آئی اے کے کھانے کے مینیو میں تبدیلی


اسلام آباد: کورونا وائرس کے پیش نظر قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نے بین الاقوامی پروازوں میں سفر کرنے والے مسافروں کو پیش کیے جانے والے کھانے کے مینیو میں تبدیلی کر دی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق  بین الاقوامی پروازوں کے دوران گرم مشروبات کے بجائے پہلے سے ڈبے میں بند ٹھنڈے مشروبات پیش کیے جائیں گے۔

ہم نیوز کے مطابق پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر  ایئر مارشل ارشد ملک نے کھانے کی سروسز میں تبدیلی کی منظوری دے دی جس کا اطلاق کردیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستانیوں کیلیے خوشخبری: سعودی عرب، ویزوں کی تصدیق کا عمل شروع

ہم نیوز کے مطابق سعودی عرب سیکٹر کے لیے اسنیکس، کلب سینڈوچز، چکن پیٹیز، ایک کیلا اور مفن پیش کیا جائے گا۔ اسی طرح کابل اور خلیجی ممالک کی پروازوں میں صرف ہلکی پھلکی غذائیں یعنی اسنیکس پیش کیے جائیں گے۔

ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کا کہنا ہے کہ کھانے کی سروس میں تبدیلی کورونا سے متعلق حفاظتی اقدامات کے تحت مسافروں اور عملے کے ارکان کے درمیان رابطے کو کم کرنے کے لیے کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان کی قومی ایئر لائن کو سعودی عرب نے القصیم کے لیے ہفتے میں دو پروازیں چلانے کی اجازت دے دی گئی تھی۔

ہم نیوز نے خلیجی اخبار کے حوالے سے بتایا تھا کہ پی آئی اے کو اجازت سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے دی ہے۔

اخبار کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں قائم پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ القصیم کے لیے پہلی پرواز ملتان سے 19 نومبر کو اڑان بھرے گی۔

پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ خان نے خلیجی اخبار کو بتایا تھا کہ پی آئی اے القصیم کے لیے اسلام آباد اور ملتان سے ہفتہ وار دو پروازوں کا آغاز کر رہی ہے۔


متعلقہ خبریں